کراچی پولیس جعلی سیکیورٹی کمپنیوں کے خلاف متحرک


کراچی: پاکستان کے سب سے بڑے صنعتی اور معاشی شہر کراچی کی پولیس جعلی سیکیورٹی کمپنیوں کے خلاف متحرک ہوگئی۔ بلوچ کالونی پولیس نے ڈیفنس ویو میں جعلی سیکورٹی کمپنی کے دفتر پر چھاپہ مار کر چار گارڈز گرفتار کرلیے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ایسٹ غلام اظفر مہیسر کے مطابق خفیہ اطلاع پر پولیس نے ایف بی سیکیورٹی سروس کے دفتر پر چھاپہ مارا اور چار جعلی سیکیورٹی گارڈز گرفتار کر لیے۔

پولیس افسر کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضہ سے بڑی تعداد میں غیر قانونی اسلحہ بشمول چار رپیٹرز، میگزین اور گولیاں برآمد کرلی گئیں۔ گرفتار ملزمان کی شناخت داتا خان، وسیم احمد، خادم حسین اور خالد پرویز  کے نام سے ہوئی۔

ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے بتایا کہ پولیس کارروائی کے دوران ایک جعلی سیکورٹی گارڈ محمد الیاس فرار ہوگیا۔ فرار ملزم کے کمرے سے دیگر ہتھیار، گولیاں اور میگزین ملے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی پولیس کے مبینہ تشدد سے نوجوان کی ہلاکت کے خلاف ورثا کا احتجاج

ایس ایس پی نے بتایا کہ فرار ہونے والے ملزم کے کمرے سے ایک رپیٹر ایک پستول ایک اسمال گن اور گولیاں ملی۔

پولیس افسرغلام اظفر مہیسر کے مطابق گرفتار ملزمان کسی بھی ہتھیار کا لائسنس پیش نہ کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ ملزمان سیکورٹی کمپنی کی آڑ میں  مختلف وارداتیں کرتے تھے۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

ایس ایس پی غلام اظفر مہیسر نے کہا کہ اس سے قبل بھی پولیس ایک جعلی سیکورٹی کمپنی کے خلاف کارروائی کر چکی ہے۔


متعلقہ خبریں