حکومتی اتحادیوں کے مولانا فضل الرحمان سے رابطے تیز

حکومتی اتحادیوں کے مولانا فضل الرحمان سے رابطے تیز

اسلام آباد: اسپیکر پنجاب اسمبلی اور حکومت کی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الہٰی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات اختتام پذیر ہوگئی۔

ملاقات کے بعد ق لیگی رہنما نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سب نیک نیتی سے کوشش کر رہے ہیں، وقت لگے گا لیکن مثبت نتیجہ نکلے گا۔

مولانا فضل الرحمان کے گھر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ ہمارا اپنا گھر ہے، گزشتہ رات وہ آئے تھے آج ہم آئے ہیں۔

پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد ایک ہے اور انشااللہ کامیابی ملے گی۔ بعدازاں اسپیکر پنجاب اسمبلی مولانا کی رہائش گاہ سے روانہ ہوگئے۔

اس سے قبل مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت جمعیت علمائے اسلام (ف) کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ہوا جس میں اب تک کی صورتحال کا جائزہ اور شرکاء کے دھرنے کے انتظامات پر غور کیا گیا۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ اجلاس مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ہوا جس کے دوران حکومتی کمیٹی اور چوہدری برادران سے ملاقات سے متعلق بریف کیا گیا۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ آگے کے لائحہ عمل طے کرنے کیلئے اقدامات پر بھی رائے لی گئی۔

گزشتہ روز حکومت اور حزب اختلاف کی کمیٹیوں کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار رہا اور حکومت نے جے یو آئی (ف) کے دوبارہ انتخابات اور وزیراعظم کے استعفے کے مطالبات کو مسترد کردیا تاہم انتخابی اصلاحات اور آئین میں اسلامی دفعات پر عمل درآمد پر اتفاق کیا گیا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ مذاکراتی کمیٹی اور رہبر کمیٹی کی ملاقات بہتری کی طرف ایک اور قدم ہے، اچھی پیش رفت اور مزید مشاورت کیلئے کچھ وقت درکار ہے۔

دو روز قبل ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا تھا کہ حزب اختلاف کی جماعتوں نے دھرنا ’کچھ دو اور کچھ لو‘ کی بنیادوں پر ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دھرنے کو ایک سے دو روز میں ختم کیے جانے کا امکان ہے۔


متعلقہ خبریں