اسلام آباد یونائیٹڈ کا پشاور زلمی کو جیت کے لیے پہاڑ جیسا ہدف


دبئی: پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل تھری) کے 21ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دیا ہے۔ یہ ہدف پی ایس ایل تھری میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا سب سے زیادہ ہدف ہے۔

میچ کے آغاز میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

اننگ کا آغاز کرنے اسلام آباد کی ٹیم میدان میں آئی تو مطلوبہ 20 اوورز  میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر182 رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے جین پال ڈومینی 73 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ ڈومینی نے 54 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے چار چھکے اور پانچ چوکے اپنے نام کیے۔

دیگر کھلاڑیوں میں آصف علی 45، حسین طلعت 29 اورلیوک رونکی 27 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

پشاور کی جانب سے وہاب ریاض نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ فاسٹ بالر نے چار اوورز میں 30 رنز دیے۔

پشاور زلمی میں ڈیرن سیمی کی واپسی ہوئی ہے جب کہ یونائیٹڈ بلے باز فرحان صاحبزادہ کی جگہ ظفر گوہر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ زلمی کپتان ڈیرن سیمی انجری کے باعث گزشتہ دو میچوں میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔

پشاور زلمی کو کپتان ڈیرن سیمی کی غیر موجودگی میں کھیلے گئے دونوں میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ 8 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ پشاور زلمی 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہے۔

 


متعلقہ خبریں