وزیراعظم عمران خان گلگت پہنچ گئے

پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، وزیراعظم

فائل فوٹو


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان گلگت بلتستان کے اپنے پہلے دورے پر پہنچ گئے جہاں ان کی گورنر، وزیراعلیٰ اور کابینہ اراکین سے ملاقات ہوگی۔

ہم نیوز کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنے کے ساتھ جلسہ عام سے خطاب بھی کریں گے۔

وزیراعظم گلگت بلتستان میں یادگارِ شہدا پر پھول چڑھائیں گے اور آزادی پریڈ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوں گے۔

گزشتہ روز صوبائی وزیر قانون گلگت بلتستان  اورنگزیب خان نے کہا کہ عمران خان کو عہدہ سنبھالنے کے بعد گلگت بلتستان کے پہلے دورے پر خوش آمدید کہتے ہیں۔

مشیر اطلاعات جی بی شمس میر کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہا کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان اور ان کی پوری کابینہ وزیراعظم کا بھرپور استقبال کرے گی۔

وزیر قانون اورنگزیب خان نے کہا کہ وزیر اعلٰی اور ان کی کابینہ وزیراعظم کے سامنے جی بی کی آئینی حیثیت کے مسئلے کو رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کی روشنی میں گلگت بلتستان کے عوام کو بااختیار بنائیں۔

خیال رہے کہ گلگت بلتستان سکاؤٹس نے اپنے زور بازو سے یکم نومبر 1947 کو خطے کو ڈوگرہ سامراج سے آزاد کرایا تھا۔


متعلقہ خبریں