ہم کمزور کو کمزور کر کے نہیں لڑنا چاہتے، فردوس عاشق اعوان


اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ہم کمزور کو کمزور کر کے نہیں لڑنا چاہتے ہم طاقتور کے ساتھ لڑیں گے۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اطلاع ملی ہے نواز شریف کی طبی بنیادوں پر دو ماہ کے لیے  ضمانت منظور کی گئی ہے۔ وزیر اعظم کہہ چکے ہیں کیس میں حکومت پاکستان مدعی نہیں تھی بلکہ اس کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) مدعی تھی۔

انہوں نے کہا کہ عدالت کے پاس سزا کو معطل کرنے کا اختیار ہے جبکہ ہمارا کام بہتر علاج معالجہ کی سہولت دینا تھا جو ہم نے دی ہے اور اب ہم پر امید ہیں نواز شریف علاج پر توجہ دیں گے کیونکہ ہم ایک صحت مند نواز شریف کو حریت کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بیماریوں کے فیصلے ڈاکٹروں اور عدالتوں نے کرنے ہیں جبکہ ہم طاقتور کے ساتھ لڑیں گے، ہم کمزور کو کمزور کر کے نہیں لڑنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی بیرون ملک جانے کی کوئی درخواست نہیں آئی ہے، نواز شریف کے اہلخانہ معاملے کو عدالت لے کر گئے اور جب عدالت ہم سے پوچھے گی تو جواب بھی پہنچ جائے گا۔

آزادی مارچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ جلوس کے اندر کلاشنکوف اٹھا کر کوئی ریاست کو للکارتا ہے تو کیا ریاست شہریوں کو ان جتھوں کے آگے ڈال دے؟ ہم باریک بینی سے تمام چیزوں کو دیکھ رہے ہیں۔

کابینہ اجلاس سے متعلق بات کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں 17 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا جبکہ سول ایوی ایشن (سی اے اے) نے آج ائرپورٹ کے اردگرد تعمیرات کے قانون کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے بڑے شہروں میں کثیرالمنزلہ عمارتوں کی تعمیر اور ڈی جی نیشنل سیونگز کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔ فنکاروں کے فنڈز کی تجویز وزارت اطلاعات و نشریات کے حوالے سے دی گئی تھی تاہم اداکاروں کے فنڈز کے معاملے کو مؤخر کیا گیا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان ویٹنری کونسل کے ممبران کی تعیناتی کی بھی منظوری دی گئی، اس کے علاوہ ایس این جی پی ایل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعیناتی کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ چیئرمین ایکیو ٹرسٹ بورڈ کی تعیناتی بھی منظور کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ سی ای او پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی کی تعیناتی کی بھی منظوری دی گئی جبکہ پی ایل ایل کے ایم ڈی کا کنٹریکٹ ختم کرنے کی منظوری دی گئی۔ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کو ایم پی ون اسکیل دینے کی بھی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے احساس پروگرام کے تحت غریب اور طلباء کو اسکالرشپس دینے کی منظوری بھی دی۔3

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ داسو ڈیم منصوبہ کی ایکنک میں منظوری کے بعد آج کابینہ نے بھی توثیق کر دی ہے۔ داسو ڈیم کی 2014 میں منظوری دی گئی تھی جبکہ 2019 میں اس کی تکمیل ہونا تھی۔


متعلقہ خبریں