نابینا افراد پر تشدد کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر


لاہور: لاہور ہائی کورٹ میں پولیس کی جانب سے نابینا افراد پر تشدد اور گرفتاریوں کے اقدام کو چلینج کردیا گیا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ میں جوڈیشل ایکٹیوازم پینل کی جانب سے پولیس کے خلاف متفرق درخواست دائر کی گئی ہے۔ جس میں نابینا افراد پر تشدد کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

درخواست گذار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ حکومت کی جانب سے نابینا افراد کے مطالبات منظور نہیں کیے جارہے ہیں۔ جس کے خلاف نابینا افراد پر امن احتجاج کررہے ہیں۔ پولیس کی جانب سے نابینا افراد کو تشدد کا نشانہ بناکر گرفتار کیا جارہا ہے۔ پر امن احتجاج کرنے والوں پر تشدد قانون کی دفعہ 9 اور 14 کی خلاف ورزی ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت حکومت کو نابینا افراد کے جائز مطالبات کی منظوری اور نابینا افراد کو گرفتار کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا حکم دے۔

نابینا افراد کا اپنے مطالبات کے حق میں گزشتہ کئی روز سے لاہور مال روڈ پر احتجاج جاری ہے۔ نابینا افراد کا مطالبہ ہے کہ انہیں روزگار فراہم کیا جائے تاکہ وہ باعزت زندگی گذارسکیں۔ پولیس کی جانب سے نابینا افراد کا احتجاج زبردستی ختم کرنے کی کوشش کی گئی تھی جب کہ لاٹھی چارج کے بعد گرفتاریاں بھی ہوئی تھیں۔


متعلقہ خبریں