رکاوٹیں ڈالیں یا گرفتاریاں کیں تو پورے ملک میں لاک ڈاؤن ہوگا، اے این پی

رکاوٹیں ڈالیں یا گرفتاریاں کیں تو پورے ملک میں لاک ڈاؤن ہوگا، اے این پی

مردان: عوامی نیشنل پارٹی نے خبردار کیا ہے کہ اگر آزادی مار چ میں رکاوٹیں ڈالی گئیں یا گرفتاریاں کی گئیں تو پھر اسلام آباد کے بجائے پورے ملک میں لاک ڈاؤن ہوگا۔

ہم نیوز کے مطابق اے این پی کے سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں دعویٰ کیا کہ حکومت پکڑ دھکڑ اور راستہ بند کرکے خود اپنے پاؤں پہ کلہاڑی مارے گی۔

حکومت سے مذاکرات: جے یو آئی کے بعد اے این پی نے بھی انکار کردیا

سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے ایک سوال کے جواب میں تصدیق کی کہ اسپیکر قومی اسمبلی اور وزیر دفاع نے مذاکرات کے لیے رابطہ کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے مولانا فضل الرحمان کے متعلق الفاط  ناپسندیدہ ہیں۔

اے این پی کے سینئر نائب صدر نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم اور ان کے وزرا ماحول کو کشیدہ کررہے ہیں جس سے یہ تاثر پیدا ہورہا ہے کہ حکومت مذاکرات کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل میاں افتخار حسین نے گزشتہ روز دعویٰ کیا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے امیر حیدر خان ہوتی سے مذاکرات کے لیے رابطہ کیا تھا لیکن ہم نے منع کردیا کیونکہ مولانا فضل الرحمان نے فون کرکے بتادیا ہے کہ حکومت سے کوئی مذاکرات نہیں ہورہے ہیں۔

حکومت سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے، مولانا فضل الرحمان

میاں افتخار حسین نے گزشتہ روز واضح کیا تھا کہ اب حکومت سے مذاکرات علیحدہ علیحدہ جماعتیں نہیں کریں گی بلکہ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی میں مشترکہ طور پر فیصلہ کیا جائے گا کہ حکومت سے مذاکرات کیے جائیں یا نہیں؟

اے این پی کے مرکزی سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی مذاکرات کے حوالے سے جو فیصلہ کرے گی و ہ سب لوگوں اور جماعتوں کے لیے قابل قبول ہوگا۔


متعلقہ خبریں