اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ جتنا ظلم کیا جائے گا عوام اس سے زیادہ ردعمل دیں گے۔ سرگودھا کے ضمنی انتخاب کا نتیجہ آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔ میرے خلاف فیصلے میں جان ہوتی تو فیصلے کو ضرور تسلیم کرتے۔
پیر کو احتساب عدالت میں فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس کیس کے موقع پر انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں جہاں پیسا چلا اور ووٹ خریدے گئے اس کا حساب ہونا چاہیے۔ انتخابی نشان چھیننے کے باوجود ہمارے امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک بھی ووٹ نہ رکھنے والی جماعت کا سینیٹ امیدوار کھڑا کرنا ہی دھاندلی ہے۔ ہم سے پارٹی نشان چھین کر یہ سمجھ رہے ہیں کہ ہمارا نشان مٹادیں گے۔ وزیراعظم نے کسی کا خون نہیں کیا، ڈاکا نہیں ڈالا جو اسے اٹھا کر باہر پھینک دیا گیا ہے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ 70 سال جیسے گذرے ہیں آئندہ کہ 70 سال ایسے نہیں گذرنے چاہیییں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جو ظلم برداشت کرتا رہتا ہے اور ظلم کے خلاف کھڑا نہیں ہوتا، وہ سب سے بڑا ظالم ہے، ہم نے غلط اور صحیح میں تفریق کرنا ہے۔ منتخب وزیراعظم کو اس طرح سے نکال کر باہر پھینکنا عوام اب برداشت نہیں کریں گے۔