پشاور:مولانافضل الرحمان کےآزادی مارچ کے باعث امن وامان کا جائزہ لینے کے لئےخیبرپختونخوا حکومت نے 8 رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دےدی۔
وزیراعلی سیکرٹریٹ پشاور سے جاری اعلامیہ کے مطابق کمیٹی میں وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی،وزیربلدیات شہرام ترکئی،سیکرٹری داخلہ،ڈی آئی جی اسپیشل برانچ شامل ہیں۔
کمیٹی اسلام آباد مارچ سے پیدا ہونے والی امن وامان صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد وزیراعلی کو رپورٹ پیش کرے گی۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی کو مولانافضل الرحمان سے رابطہ کرنے کا ٹاسک بھی سونپ دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی حکومت بھی اس ضمن میں پرویز خٹک کی قیادت میں ایک کمیٹی قائم کرچکی ہے ۔
وفاقی حکومت کی طرف سے بنائی جانے والی کمیٹی میں پرویز خٹک کے علاوہ پیر نور الحق قادری، شفقت محمود، اسد عمر ، اسد قیصر، چوہدری پرویز الہی اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی شامل ہیں۔
وفاقی حکومت کی طرف سے بنائی جانے والی کمیٹی کا اجلاس آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہوا جس میں چوہدری پرویز الہی نے بوجوہ شرکت نہیں کی ۔
حکومتی کمیٹی نے اپوزیشن جماعتوں کو مذاکرات کی پیش کش بھی کی ہے جسے مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے مسترد کردیاہے۔
یہ بھی پڑھیں:مولانا فضل الرحمان سے مذاکرات کے لیے7 رکنی حکومتی کمیٹی تشکیل