لاہور:برطانوی شاہی جوڑا شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن لاہور پہنچ گئے ہیں جہاں پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ان کا استقبال کیا۔
شاہی جوڑے نے وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری سرور سے ملاقات کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کوپاکستان کے دل لاہور آمد پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شاہی مہمانوں کا استقبال کر کے دلی مسرت اورخوشی ہوئی ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ شاہی جوڑے کا دورہ پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنائے گا۔ برطانیہ اور پاکستان ترقی اورخوشحالی کے سفر میں قدم سے قدم ملا کرچل رہے ہیں۔
بعد ازاں شاہی جوڑنے ایس او ایس چلڈرن ویلج کا دورہ کیا، اس موقع پر سیکیورٹی کے فل پروف انتظامات کئے گئے۔
تین بجے شاہی مہمان بادشاہی مسجد میں مذہبی رواداری کے حوالے سے ہونے والی تقریب میں شریک ہوں گے۔
بعد ازاں چار بجے شاہی جوڑے کو شوکت خانم اسپتال کا دورہ کرایا جائے گا۔
واضح رہے گزشتہ برطانوی شاہی جوڑا شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے چترال کا دورہ کیا تھا۔
برطانوی شاہی جوڑے نے کوہ ہندوکش کے برف پوش پہاڑوں اور وہاں کے خوبصورت نظاروں کا فضائی جائزہ لیا۔
اس کے علاوہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن نے موسمیاتی تبدیلیوں سے پگھلتے ہوئے گلیشیئرز کو بھی دیکھا اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے برطانوی شاہی خاندان کے کسی بھی فرد کا یہ 13 سال بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔