کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا پشاور زلمی کو جیت کے لیے 142 رنز کا ہدف


شارجہ: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل تھری) کے دسویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 142 رنز کا ہدف دیا ہے۔ 

میچ کے آغاز میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

کوئٹہ کی ٹیم اننگ کا آغاز کرنے میدان میں آئی تو مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر141 رنز بنائے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر بلے باز اسد شفیق اور شین واٹسن اننگ کا آغاز کرنے میدان میں آئے تو پہلی وکٹ کی شراکت میں دس رنز بنائے۔

پہلی وکٹ اسد شفیق کی گری جو نو رنز بنا کر ثمین گل کی گیند پرآؤٹ ہوئے۔

جارح مزاج اوپنر شین واٹسن نے عمر امین کے ساتھ مل کر کریز سنبھالی اور اسکور کو 67 تک پہنچا دیا. عمر امین گیارہ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

شین واٹسن 38 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے جب ڈیرن سیمی کی گیند پر ڈیوائن سمتھ اہم کیچ ڈراپ کر بیٹھے۔

اننگ کو جاری رکھنے کا دوسرا موقع ملا تو امید کی جا رہی تھی کہ شین واٹسن اچھی اننگ کھیلیں گے لیکن بلے باز نصف سنچری سے تین قدم کے فاصلے پر 47 رنز بنا کر محمد عثمان کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ واٹسن گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ٹاپ اسکورر رہے۔

چوتھی وکٹ کیون پیٹرسن کی گری جو 83 کے مجموعی اسکور پر صرف پانچ رنز بنا کر ڈیرن سیمی کی گیند کا شکار بنے۔

پانچویں وکٹ گری تو ٹیم کا مجموعی اسکور 125 تھا۔ ریلے روسو دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔

کپتان سرفراز احمد بھی 15 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 17 رنز بنا کر پویلین سدھارے۔

زلمی کپتان ڈیرن سیمی اپنے تیسرے اوور میں دو بار انجری کا شکار ہونے کے بعد میدان سے باہر جانے پر مجبور ہوئے۔

کپتان نے 2.4 اوورز میں 18 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

زلمی کے ڈیبیوکھلاڑی ثمین گل بھی ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے چار اوورز میں 20 رنز دیے۔


متعلقہ خبریں