فارن فنڈنگ کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائےِ، ن لیگ کی درخواست

فائل فوٹو


اسلام آباد: کستان مسلم لیگ (ن) نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا ہے جس میں درخواست کی گئی ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے۔ یہ بات پی ایم ایل (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں بتائی ہے ۔

ہم نیوز کے مطابق سابق وفاقی وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے مطالبہ کیا ہے کہ مقدمہ کی سماعت اوپن ہونی چاہیے کیونکہ قوم کو حق حاصل ہے کہ وہ حقائق سے آگاہ رہے۔ انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ خفیہ اکاؤنٹس اور بیرون ملک سے اربوں کھربوں روپے کی منتقلی کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کی جانب سے تمام حقائق اور الیکشن کمیشن کی کارروائی کو خفیہ رکھنے کی درخواست کی گئی ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ اگر چوری نہیں کی تو تلاشی دیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان نے دعویٰ کیا کہ پارٹی کے 23 اکاؤنٹس خفیہ رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیوں؟

سابق وفاقی وزیر مملکت نے کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ دوسروں کا 1970 سے ذاتی کاروبار کا حساب لیا جائے اور تین نسلوں سے پوچھ گوچھ ہو مگر آپ سے سوال بھی نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ تلاشی دینے میں کیا امر مانع ہے؟

مریم اورنگزیب نے استفسار کیا کہ جب وزیراعظم نواز شریف جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کے سامنے پیش ہوسکتے ہیں تو عمران خان الیکشن کمیشن میں کیوں پیش نہیں ہوسکتے؟

مولانا کے دھرنے میں شرکت، ن لیگ بٹ گئی

پی ایم ایل (ن) کی مرکزی ترجمان نے سوالات پوچھے ہیں کہ پیسے کہاں سے آئے؟ کیوں چھپائے گئے؟ کس کے اکاؤنٹ میں پیسے آئے؟ کس نے پیسے لیے؟ جعلی اور خفیہ اکاؤنٹس سے پیسے کہاں استعمال ہوئے؟ ان کا کہنا تھا کہ اگر چوری نہیں ہوئی تو تلاشی دے دیں۔

مریم اورنگزیب نے استفسار کیا کہ کیا انہی اکاؤنٹس سے بنی گالہ کا محل بنا تھا؟ اور کیا علیمہ باجی کی اربوں روپے کی بیرون ملک موجود جائیدادیں بھی انہی خفیہ اکاؤنٹس کی مرہون منت ہیں؟ انہوں نے کہا کہ اگر ایسا کچھ بھی نہیں ہے تو تلاشی دے دیں۔


متعلقہ خبریں