اپوزیشن کی پنجاب اسمبلی میں چیریٹیز بل کی مخالفت

'بل میں بھی ترمیم اس لیے کی جارہی ہے تاکہ اپنے من پسند افراد کے ذریعے کرپشن کرسکیں'

  • 'ایوان میں عددی برتری کی بنیاد پر میرٹ کو بلڈوز نہ کیا جائے'
  • 'میرٹ کو ملحوظ خاطر نہیں رکھیں گے، تو معاملات خراب ہوں گے'

لاہور: پنجاب اسمبلی میں چیریٹیز (عطیات) بل کی اپوزیشن نے مخالفت کردی۔ اس دوران بل پر باقاعدہ اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔

تحریک انصاف کے رکن میاں اسلم اقبال نے ایوان کو بتایا کہ بل میں رکھی گئی عمرکی حد پراعتراض ہے۔ ایوان میں عددی برتری کی بنیاد پر میرٹ کو بلڈوز نہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا ہمارا اعتراض یہ ہے کہ میرٹ کو ملحوظ خاطر نہیں رکھیں گے، تو معاملات خراب ہوں گے۔ من پسند افراد کے ذریعے  کرپشن کی جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صاف پانی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او) وسیم اجمل پر اینٹی کرپشن کے ذریعے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

تحریک انصاف کے رکن نے یہ بھی کہا کہ اس بل میں بھی ترمیم اس لیے کی جارہی ہے تاکہ اپنے من پسند افراد کے ذریعے کرپشن کرسکیں اورحکومت میں من پسند بیوروکریٹس کو لگایا جاسکے۔

گزشتہ ہفتے 14 فروری کو بھی کورم پورا نہ ہونے کے باعث مالیہ اراضی پنجاب، پارکس اینڈ ہارٹیکلچراتھارٹی اور چیریٹیز پنجاب کا بل منظورنہ ہو سکا تھا۔

کورم پورا نہ ہونے پراسپیکر نے اجلاس پانچ منٹ کےلئے ملتوی بھی کیا تھا تاکہ وقفے کے بعد اسے پورا کیا جاسکے لیکن ایسا نہیں ہوسکا تھا۔


متعلقہ خبریں