بلوچستان کے وزیراعلیٰ جام کمال خان کی 2 روزہ دورے پر لاہور آمد


لاہور: بلوچستان کے وزیراعلیٰ جام کمال خان  2 روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے، وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے جام کمال کا ائرپورٹ پر استقبال کیا، دونوں وزرائے اعلی کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں وزرائے اعلیٰ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت اور لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی اور مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کا رشتہ ازل سے ہے اور ابد تک رہے گا۔ دنیا کی کوئی طاقت کشمیر اور پاکستان کو جدا نہیں کر سکتی۔ وزیراعظم عمران خان کشمیر کا مقدمہ ہر فورم پر جرأت کے ساتھ لڑ رہے ہیں۔

وزیراعلی بلوچستان جام کمال نے کہا کہ معصوم کشمیری عوام اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں، ہر فورم پر انکا ساتھ دیں گے۔ دونوں وزرائے اعلیٰ نے بین الصوبائی ہم آہنگی اور صوبوں کے درمیان تعلقات میں اضافے کیلئے تیز رفتاری سے اقدامات پر اتفاق کیا۔

وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کی گورنر ہاؤس لاہور میں گورنر چوہدری محمد سرور سے بھی ملاقات ہوئی ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کے ساتھ ساتھ ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے گوادر 3 منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا


متعلقہ خبریں