ملک بھر میں ڈینگی مچھر کے وار جاری، فیصل آباد میں ایک اور مریض دم توڑ گیا


اسلام آباد: ملک بھر میں ڈینگی مچھر کے وار جاری ہیں۔ ملک بھر میں سینکڑوں کی تعداد میں ڈینگی کے نئے کیسز سامنے آگئے ہیں۔ 

ذرائع کے مطابق ملک بھر میں ڈینگی وائرس کا شکار افراد کی تعداد 16 ہزار 11 ہو گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 690 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوگئی ہے۔ رواں  سال پورے ملک میں ڈینگی سے 29 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال گلگت بلتستان میں  ڈینگی کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔

اسلام آباد

وزارت صحت کے مطابق اسلام آباد میں 1,600 سے زائد مریض روزانہ ڈینگی کا شکار ہورہے ہیں۔ وفاقی داروالحکومت میں رواں سال ڈینگی سے 7 اموات ہوچکی ہیں۔

ڈینگی کے تدارک کیلئے وزارت صحت میں ڈاکٹر ظفرمرزا کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ متاثرہ جگہوں پر سپرے کو یقینی بنایا جائے۔

سندھ

کراچی میں ڈینگی کے 91  نئے کیسز سامنے آگئے جبکہ سندھ  بھرمیں مریضوں کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ تھر پارکر میں 20 سالہ عمر ڈینگی وائرس کا شکار ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق رواں  سال سندھ میں ڈینگی کے 2,904 کیسز سامنے آئے ہیں۔ حکام کے مطابق رواں  سال ڈینگی سے  صوبے بھر میں 11 اموات ہوچکی ہیں۔

پنجاب

پنجاب میں ڈینگی کے مزید 199  کیسز رپورٹ ہونے سے بعد مریضوں کی تعداد 3 ہزار 377 تک پہنچ گئی ہے۔ فیصل آباد میں ایک اور ڈینگی مریض دم توڑ گیا۔ ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق ڈینگی کے حوالے سے صوبہ پنجاب 3,475 کیسز کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ رواں سال پنجاب بھر میں ڈینگی مچھر سے 8 اموات ہو چکی ہیں۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران راولپنڈی میں 148 اور لاہور میں 13 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کے حکام کے مطابق بھاول وکٹوریہ اسپتال میں ڈینگی سے متاثرہ 4 نئے مریض داخل کیے گئے ہیں۔

ڈائریکٹر شعبہ حادثات بھاول وکٹوریہ ہسپتال بھاولپور ڈاکٹر عامر بخاری نے بتایا کہ اسپتال لائے گئے 3 سالا بچے سمیت 4 مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ  شہر میں رواں ماہ ڈینگی مریضوں کی تعداد بڑھ کر 72  جبکہ رواں سال بھاولپور میں رپورٹ ہونے والے ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 408 ہوچکی ہے۔

ڈاکٹر عامر نے بتایا کہ بھاول وکٹوریہ ہسپتال کے ڈینگی وارڈ میں موجود متاثرہ مریضوں کی تعداد 14 ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈینگی مہم کے دوران کوئی افسر آرام سے نہ بیٹھے، وزیر اعلیٰ پنجاب

ملتان میں  ڈینگی کے 20 نئے کیسز سامنے آگئے ہیں۔  ذرائع کے مطابق ڈینگی مچھر کی افزائش پر قابو پانے کے لیےانتظامیہ نے ملتان میں ایئرکولر کے استعمال پر پابندی لگادی ہے۔ شہر میں دفعہ 144 کے تحت ائر کولر کے استعمال پر پابندی  لگادی گئی ہے۔

پشاور

خیبرپختونخوا میں مزید 114 افراد ڈینگی مچھر کا شکار ہوگئے۔ حکام کے مطابق خیبر میں تین دنوں کے دوران مزید 25  افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔

خیبرپختونخوا میں 114 نئے کیسز سامنے آنے  کے بعد صوبے بھر میں ڈینگی مریضوں کی تعداد 3,549 ہوگئی ہے

ذرائع کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹوں میں پشاور میں سب سے زیادہ 53 کیسسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق قبائلی اضلاع میں 312 ڈینگی کیسز سامنے آئے ہیں۔

محکمہ صحت کے حکام کے مطابق صوبے میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل ٓضافہ ہورہا ہے۔

بلوچستان 

سرکاری اعدادو شمار کے مطابق بلوچستان میں 2,725 افراد ڈینگی کا شکار ہوئے ہیں جبکہ اب تک 3 مریض دم توڑ گئے ہیں۔

محکمہ صحت کے حکام کے مطابق ضلع کیچ، گوادر اور لسبیلہ سمیت دیگر شہروں میں ایمرجنسی نافذ کرکے خصوصی سیلز قائم کردیئے گئے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد  373 ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر میں ڈینگی کے کاٹنے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔


متعلقہ خبریں