مظفر آباد: جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ہمیں واشنگٹن کے بجائے اللہ کی طرف دیکھنا چاہیے جو کبھی بندوں کو مایوس نہیں کرتا۔
مظفرآباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج میں غازیوں اور شہیدوں کی سرزمین آیا ہوں، یہاں کے چپے چپے میں شہیدوں کے خون کی خوشبو ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں میرے علاقے دیر کے 1100 مجاہدین وزیراعظم آزادکشمیر کے والد کے ساتھ مل کر لڑے تھے، ہمارے آباو اجداد نے یہاں 1948 کو خون بہایا تھا ہم میں بھی وہی جذبہ ہے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام کشمیری عوام کی پشت پر ہیں، پاکستانی عوام ایک اعلان کے انتظار میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عالمی برادری نے انہیں مایوس کیا، ہم نے وزیراعظم کو ہمیشہ کہا کہ عالمی برادری آپ کو ضرور مایوس کرے گی، یہاں ظہیر الدین بابر جیسے لوگ بھی آئے، ان کے ساتھ کم لوگ تھے مگر اللہ نے کامیاب کیا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم تعداد اور رقبے میں کم سہی، مگر ہمارے ساتھ ایمان کی طاقت ہے، گزشتہ صدی میں بہت سے ممالک نے آزادی حاصل کی مگر کشمیر کو آزادی حاصل نہیں ہوئی۔
سراج الحق نے کہا کہ اقوام متحدہ کسی کو آزادی نہیں دیتا، آزادی قوم خود حاصل کرتی ہے، مقبوضہ کشمیر میں 350 سے زائد لڑکیاں اغوا ہیں جب کہ کرفیو میں 8 جمعے گزر گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ساری دنیا کہہ رہی ظلم ہے مگر کوئی آگے نہیں آیا، دنیا اس لیے نہیں آگے آتی کہ ہمارے حکمرانوں نے بھارتی حکمرانوں سے دوستی کر رکھی ہے۔