اسلم رئیسانی کیخلاف نیب ریفرنس دائر کرنےکی منظوری


اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال (ر) نے سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

نیب بلوچستان کی جانب سے اسلم رئیسانی کے خلاف کرپشن ریفرنس کی سفارش کی گئی، ان کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس دائر ہوگا۔

چیئرمین نیب کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں شہباز شریف اورسابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب شیر علی گورچانی کے خلاف بھی انکوائری کی منظوری دی گئی ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب پر اپنے دور حکومت میں اوقاف اراضی کی غیرقانونی الاٹمنٹ کا الزام ہے۔

جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ایڈن ہاوسنگ اسکینڈل میں ملوث ڈاکٹر امجد کے خلاف بھی ریفرنس دائر کرنے منظوری دی ہے۔

نیب اعلامیے کے مطابق ڈاکٹر امجد نے ہاوسنگ سوسائیٹی کے نام پر عوام سے 25 ارب روپے کا فراڈ کیا۔

اس دوران اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ قومی احتساب بیورو نے گزشتہ بائیس ماہ میں اکہتر ارب روپے قومی خزانے میں جمع کرائے، نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے اور کرپٹ عناصر سے لوٹی ہوئی رقم برامد کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ اورملک کی ترقی وخوشحالی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ میگا کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے، ہمارا ادارہ بیوروکریسی سمیت تمام طبقوں کی عزت نفس کو یقینی بنانے کے عزم پرسختی سے عمل پیرا ہے۔


متعلقہ خبریں