سینیٹ ضمنی انتخاب، تحریک انصاف نے مخالف امیدواروں کی اہلیت چیلنج کردی


لاہور: پنجاب میں نہال ہاشمی کی سینیٹ کی خالی نشست پر تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹر زرقا سہروردی تیمور نے اپنے مخالف امیدواروں کی اہلیت کو چیلنج کردیا۔

ڈاکٹر زرقا نے مخالف امیدواروں اسد اشرف اور میاں مرغوب احمد کی اہلیت کو چیلنج کرنے کے لئے الیکشن کمیشن سے رابطہ کیا ہے۔

میاں مرغوب احمد اور اسد اشرف نے مسلم لیگ ن کی جانب سے سینیٹ انتخاب کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔

درخواست گزار ڈاکٹر زرقا نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کو نااہل قرار دیا گیا ہے، جس کے بعد دونوں امیدوار آزاد حیثیت سے انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن بتائے کہ یہ کس قانون کے تحت آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں؟

ڈاکٹر زرقا نے استفسار کیا کہ سینیٹ امیدوارں کی حتمی لسٹ لگنے کے بعد تبدیلی کیسے ہوگئی ہے۔ امیدواروں کو آزاد قرار دینے کا الیکشن کمیشن کے پاس کیا اختیار ہے ؟

درخواست گزار نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی ہے کہ اسد اشرف اور میاں مرغوب کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا حکم دیا جائے۔

پی ٹی آئی کی سینیٹ امیدوار ڈاکٹر زرقا سہروردی تیمور کی جانب سے الیکشن کمیشن کو لکھا گیا خط - فوٹ ہم نیوز ڈاٹ پی کے
پی ٹی آئی کی سینیٹ امیدوار ڈاکٹر زرقا سہروردی تیمور کی جانب سے الیکشن کمیشن کو لکھا گیا خط – فوٹ ہم نیوز ڈاٹ پی کے

نہال ہاشمی کو سپریم کورٹ نے توہین عدالت کے معاملے میں ازخود نوٹس پر سزا سنائی تھی، جس سے وہ اپنی سینیٹرشپ سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ نہال ہاشمی کی خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پر یکم مارچ کو انتخابات ہورہے ہیں۔

پیپلزپارٹی اور ق لیگ کی جانب سے سینیٹ کے ضمنی انتخاب میں ووٹ نہ ڈالنے کا اعلان کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں