عمران خان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ، سماعت ملتوی


لاہور: وزیراعظم عمران خان کے خلاف نجم سیٹھی کے ہتک عزت کے دعویٰ کی سماعت 28 اگست تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

ایڈیشنل سیشن جج محمد امجد خان کی عدالت میں وزیراعظم عمران خان کے وکیل ساجد منور قریشی پیش ہوئے اور اپنے دلائل میں کہا کہ میرے سائل کے خلاف دعویٰ بالکل بے بنیاد ہے، اسے مسترد کیا جائے۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر نجم سیٹھی کے وکیل سے حتمی دلائل طلب کر لیے ہیں۔

اپنے دعویٰ میں نجم سیٹھی نے موقف اختیار کیا ہے کہ عمران خان نے دھرنے کے دوران اور جلسوں میں 35 پنکچر لگانے کا الزام لگایا جو کہ بالکل بے بنیاد ہے۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ میرے اوپر لگائے گئے بے بنیاد الزامات کی وجہ سے میری شہرت متاثر ہوئی ہے لہٰذا عدالت عمران خان کو سو کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے۔

واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل وزیراعظم عمران خان نے بھی نجم سیٹھی کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا تھا۔

معروف قانون دان اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر بابر اعوان کا اس بابت کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اپنی عائلی زندگی کے بارے میں پراپیگنڈہ کرنے پر سینئر صحافی نجم سیٹھی کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے کہا تھا کہ عمران خان نے انہیں نجم سیٹھی کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے کی ہدایت کی ہے۔

بابراعوان کے مطابق انہوں نے ہتک عزت آرڈیننس 2002 کی دفعہ 4 کے تحت دعویٰ تیار کر کے اسلام آباد کی ضلعی عدالت میں جمع کرا دیا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ جعلی خبروں کے حوالے سے کسی طور نرمی نہیں برتی جا سکتی، ٹی وی پر بیٹھ کر قانون و اخلاق کی دھجیاں بکھیرنے اور افراد کی ساکھ مجروح کرنے کی کوششوں کا رستہ روکنا ہو گا۔

وزیراعظم کے وکیل نے امید ظاہر کی تھی کہ نجم سیٹھی عدالت میں اپنے دعویٰ کے دفاع کے لیے پیش ہوں گے۔

یاد رہے کہ معروف اینکر نجم سیٹھی نے 28 مارچ 2019 کو ایک نجی ٹی وی پروگرام میں وزیراعظم کی عائلی زندگی کے بارے میں خبریں دی تھیں۔


متعلقہ خبریں