عابد باکسر کو تحفظ کے لئے پنجاب اسمبلی میں قرارداد


لاہور: پنجاب میں مشکوک پولیس مقابلوں کے اہم کردار تسلیم کئے جانے والے سابق انسپکٹر عابد باکسر کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی ہے۔

قرارداد تحریک انصاف کی رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر نوشین حامد کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب پولیس کے سابق انسپکٹرعابد باکسرکی جان کو خطرہ ہے، اس کےکریڈٹ پرپولیس مقابلوں کی لمبی فہرست ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ عابد باکسرکوتحفظ فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔ حکومت سے اس معاملے کی شفاف تحقیقات کرانے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے عابد باکسر کے سسر کی درخواست پر انسپکٹرجنرل (آئی جی ) پولیس اور ڈائریکٹر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو نوٹس جاری کئے تھے۔

عابد باکسر کے سسر کا کہنا تھا کہ خطرہ ہے کہیں اسے پولیس مقابلے میں نہ مار دیا جائے۔

پنجاب پولیس کے متنازعہ کرداروں میں سے ایک عابد باکسر کچھ دن قبل دبئی میں انٹرپول کے ہاتھوں گرفتار ہوئے تھے۔ جس کے بعد کچھ عرصے بعد انہیں پاکستان ڈی پورٹ کر دیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عابد باکسر 2015 میں بھی دبئی میں انٹرپول کی جانب سے گرفتار کئے گئے تھے تاہم وہ اپنے تعلقات استعمال کرکے رہا ہوگئے تھے۔


متعلقہ خبریں