ڈومیسٹک کرکٹ میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی شمولیت کی اجازت


پاکستان 14 ستمبر سے شروع ہونے والے کرکٹ کے ڈومیسٹک سیزن میں غیر ملکی کھلاڑی بھی ایکشن میں نظر آسکتے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اعلامیے کے مطابق کرکٹ ایسوسی ایشنز غیر ملکی کھلاڑی کو شامل کرسکتے ہیں تاہم اس حوالے سے بورڈ سے این او سی لینا ضروری ہوگا۔

پی سی بی کے قواعد کے مطابق ڈومیسٹک ٹورنامنٹ 2019-20 کے لیے دی جانے والی تمام درخواستیں ایک ماہ قبل دی جائیں۔

اگر کوئی ایسوسی ایشن سیزن کے دوران کسی غیر ملکی کھلاڑی کو شامل کرنا چاہتی ہے تو اسے بورڈ کو خصوصی درخواست دینا ہوگی۔

کرکٹ ایسوسی ایشنز کو اپنے 32 کھلاڑیوں میں انڈر 19 کرکٹرز کو بھی شامل کرنے کی اجازت ہوگی اور یہ کھلاڑی فرسٹ کلاس کرکٹ بھی کھیل سکتے ہیں۔

کچھ روز قبل پی سی بی  نے ڈومیسٹک سیزن کے لیے چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ٹیموں کا اعلان کیا تھا۔

پی سی بی کے اعلان کے مطابق سرفراز احمد سندھ، بابر اعظم سنٹرل پنجاب اور شان مسعود سدرن پنجاب کی ٹیم کی  کپتانی کریں گے۔

محمد رضوان خیبر پختونخوا، حارث سہیل بلوچستان اور عماد وسیم ناردرن کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔


متعلقہ خبریں