بھارت کو بین الاقوامی کانفرنس میں ایک بار پھر رسوائی

فوٹو: فائل


بغداد: بین الاقوامی کانفرنس میں ایک بار پھر بھارت کو پسپائی کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

عراق کے دارالحکومت بغداد میں جاری ایشیائی پارلیمانی کانفرنس کے اجلاس میں بھارت نے ایک بار پھر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا تاہم بھارت کو مالدیپ کے بعد عراق میں بھی بین الاقوامی کانفرنس میں پسپائی کا سامنا کرنا پڑا۔

سینیٹر بیرسٹر محمد سیف نے ایشیائی پارلیمانی کانفرنس کے دوران مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ اٹھا دیا جس پر بھارتی وفد نے شور مچانا شروع کر دیا۔

بیرسٹر محمد سیف نے کشمیر کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام 5 اگست سے قابض بھارتی افواج کے مظالم کا سامنا کر رہی ہے جبکہ ہزاروں کی تعداد میں کشمیریوں کو بینائی سے محروم کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت عالمی انسانی حقوق کی تمام قرار دادوں کی خلاف ورزی کر چکا ہے اور تمام رکن ممالک کو کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کی مذمت کرنی چاہیے۔

کانفرنس میں شریک ترکی، کویت سمیت دیگر ممالک نے پاکستانی مؤقف کی بھرپور تائید کی۔

یہ بھی پڑھیں بھارتی آرمی چیف بپن راوت پاکستان سے خوفزدہ

واضح رہے کہ بغداد میں جاری ایشیائی پارلیمانی کانفرنس کے رواں اجلاس میں 19 ممالک کے نمائندے شریک ہیں۔

اس سے قبل مالی میں چوتھی جنوبی ایشیا اسپیکر کانفرنس میں بھارتی وفد نے مسئلہ کشمیر پر بات کرنے پر شور مچایا تھا تاہم کانفرنس میں پاکستانی مؤقف کو بھر پذیرائی ملی تھی۔


متعلقہ خبریں