بھارت خطے کا امن تباہ کر دے گا، شاہ محمود قریشی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت اپنے جابرانہ اقدامات سے خطے کا امن تباہ کر دے گا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آئس لینڈ کے وزیر خارجہ گڈ لاؤگر تھور دارسون سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی تویشناک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عروج پر ہیں اور وہاں کے نہتے مسلمان گزشتہ چار ہفتوں سے مسلسل بدترین کرفیو کا سامنا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صورتحال اس قدر المناک ہے کہ خوراک اور ادویات تک میسر نہیں ہو رہیں جبکہ بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں بھارت کے مظالم کا پردہ چاک کر رہےہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیر کے اندرونی حالات سے ایک نیا انسانی المیہ جنم لیتا دکھائی دے رہا ہے، بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کیے گئے یکطرفہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے منافی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے جابرانہ اقدامات سے پورے خطے کا امن تہہ و بالا کرنے کے درپے ہے اور کشمیر کے نہتے مسلمانوں کو بھارتی بربریت سے بچانے کے لیے عالمی برادری کو مؤثر کردار ادا کرنا ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں بھارتی آرمی چیف بپن راوت پاکستان سے خوفزدہ

آئس لینڈ کے وزیر خارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے معاملات کے پر امن حل کی ضرورت پر زور دیا۔


متعلقہ خبریں