کراچی: قیادت کے بحران سے گزرتی ہوئی متحدہ قومی موومنٹ سینیٹ انتخابات میں کامیابی کےلیے متحرک ہوگئی ہے، ڈاکٹر فاروق ستار نے پاک سرزمین پارٹی سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں سے ٹیلی فونک رابطوں کا آغاز کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن سندھ نے دستبرداری کے لئے بہادر آباد گروپ کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا خط مسترد کردیا ہے، جس کے بعد ڈاکٹر فارو ق ستار کو ایک بار پھر سیاسی طور پر متحرک ہونے کا موقع مل گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سارے عمل میں فاروق ستارکے انتہائی قریبی رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی ان کے ساتھ ساتھ ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ڈاکٹر فاروق ستار نے خواجہ اظہارالحسن کے ذریعے بہادر آباد گروپ کو حتمی فہرست میں شامل چارمتفقہ امیدواروں کے نام سامنے لانے کا پیغام بھیجا ہے۔ جس کا مقصد سندھ اسمبلی میں دستیاب 36 اراکین کے ووٹ کو تقسیم یا ضائع ہونے سے بچانا ہے۔
دوسری جانب ایم کیوایم کی چاروں روایتی نشتوں پرکامیابی اور پانچویں سیٹ کے حصول کے لئے پاک سرزمین میں شامل آٹھ اراکین سندھ اسمبلی سے بھی مصطفیٰ کمال کے ذریعے رابطے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مسلم لیگ فنگشنل کو بھی کچھ لو اور کچھ دو کی پالیسی کے تحت ووٹ کی پیشکش کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹرفاروق ستار 36 میں سے 24اراکین سندھ اسمبلی کا اعتماد حاصل کرچکے ہیں جب کے بہادر آباد گروپ میں شامل 12اراکین سندھ اسمبلی ووٹ دینے کے معاملے پرتاحال بے یقینی کا شکار ہیں۔