سر سبز پاکستان کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ

lahore high court

لاہور: سر سبز پاکستان کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ سامنے آیاہے۔ عدالت عالیہ کے جج جسٹس جواد حسن نے درخت لگانے کے حوالے سے بڑا حکم جاری کردیا ہے۔ 

عدالت نے حکم دیاہے کہ ہر ہاؤسنگ سوسائٹی میں گھر تعمیر کرنے والے کے لئے دودرخت لگانا لازمی ہوگا۔

جسٹس جواد حسن نے شیخ عاصم کی درخواست کی سماعت کے بعد  78 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا ہے۔

عدالت نے درخت نہ لگانے والی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے نقشے منظور نہ کرنے کا بھی حکم دیاہے۔ عدالت نے درخت کاٹنے والوں کو بھاری جرمانے کرنے کابھی حکم دیاہے۔

لاہور ہائیکورٹ  نے درخت نہ لگانے والی فیکٹریوں کے این او سی منسوخ کرنے کا بھی حکم دیا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا ہے کہ درخوتوں پر نمبر لگانا اور ان کا خیال رکھنا متعلقہ محکموں کے افسران کی ذمہ داری ہوگی۔تمام محکموں کے افسران درخت لگانے کے حوالے سے سلانہ رپورٹ جاری کریں گے۔

لاہور ہائیکورٹ نے حکم دیاہے کہ  تعلیمی اداروں اسپتالوں، پارکنگ سمیت عوامی مقامات پر بھی درخت لگائے جائیں۔ درخت لگانے اور کاٹنے کے لیے متعلقہ اتھارٹی سے رجوع لازمی ہوگا۔

اپنے فیصلے میں عدالت نے لکھا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت درخت لگوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔  پنجاب حکومت زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کے حوالے سے آگاہی مہم چلائے۔

عدالت عالیہ نے پنجاب حکومت کو درختوں کے حوالے سے متعلقہ قوانین میں نظرثانی کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔ رجسٹرار کوآپریٹو تمام ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں درخت لگانے کے حوالے سے واضح احکامات جاری کریں۔

فیصلے میں کہا گیاہے کہ پنجاب کا محکمہ جنگلات اور پی ایچ  اے متعلقہ اداروں کو درختوں بارے سہولت فراہم کریں۔ غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

عدالت نے اپنے فیصلے  میں لکھا کہ پاکستان کے مستقبل کا معاملہ ہے،زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں۔ عدالت نے درخت لگانے کے حوالے سے حکومتی پالیسی کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیے: 13 اکتوبر سے گرین اینڈ کلین پاکستان مہم شروع کریں گے، عمران خان


متعلقہ خبریں