مائیکل جیکسن کی تین خواہشات: دو پوری ہوئیں لیکن تیسری۔۔۔؟

مائیکل جیکسن کی تین خواہشات: دو پوری ہوئیں لیکن تیسری۔۔۔؟

اسلام آباد: حمد باری تعالیٰ ’گوتھینکس ٹو اللہ‘ جب دنیائے موسیقی کے بے تاج بادشاہ کہلانے والے مائیکل جیکسن کی آواز میں ریکارڈ ہو کر سننے والوں کی سماعتوں سے ٹکرائی تو نہایت شد و مد سے ایک حلقے میں یہ بات کہی گئی کہ پاپ گلوکار نے اسلام قبول کرلیا ہے جس کا ثبوت حمد ہے لیکن بعد میں کہی گئی بات محض افواہ ثابت ہوئی۔

29 اگست 1958 کو دنیائے فانی میں آنکھ کھولنے والے مائیکل جیکسن نے پانچ سال کی عمر میں موسیقی کی دنیا میں قدم رکھا تو اس کے ہمنوا اس کے بھائی تھے جو ’جیکسن 5‘ کے نام سے اپنی شناخت بنانے کی جدوجہد میں مصروف تھے۔

مرکے بھی چین نہ پایا: مائیکل جیکسن پھر الزامات کی زد میں۔۔۔!

سریلی آواز، منفرد اسٹائل اور مون واک نامی ڈانس کے حامل مائیکل جیکسن نے جب اپنا پہلا سولو البم ’ آف دی وال‘ ریلیز کیا تو دنیا میں اسے جو پذیرائی ملی وہ بہت کم لوگوں کے حصے میں آئی۔ اپنے پہلے ہی البم سے علیحدہ شناخت قائم کرنے والے پاپ گلوکار نے اس کے بعد تھرلر، بیٹ اِٹ، بیڈ، ڈینجرس اور بلی جین جیسے بلاک بسٹر میوزک البمز دنیا کو دے کر اپنی شناخت کو مسلم کیا۔

کم و بیش چار دہائیوں تک دنیائے موسیقی پہ راج کرنے والے مائیکل جیکسن نے نے ’ڈانسنگ دی ڈریم‘ میں لکھا تھا کہ ’’ اگر تم اپنی زندگی کا آغاز اس یقین کے ساتھ کرو کہ لوگ تم سے پیار کرتے ہیں اور پھر اسی یقین کے ساتھ اپنی زندگی کا اختتام کرو تو پھر اس کے درمیان کا عرصہ تمہارا کچھ نہیں بگاڑ سکے گا‘‘۔

۔۔۔ مگر حالات و واقعات بتاتے ہیں کہ اس کی موت کے بعد بھی اسے چاہنے والوں میں کمی نہ آئی۔ اس کا ثبوت اس وقت بھی ملا جب ارجنٹائن کے ایک 22 سالہ نوجوان لیو بلان  کو نے خود کو مائیکل جیکسن بنانے کے لیے 42 لاکھ روپے کی خطیر رقم خرچ کرکے اپنی گیارہ پلاسٹک سرجریاں کرائیں۔

کہا جاتا ہے کہ مائیکل جیکسن اپنے کالے رنگ کو سفید کرنے کا خواہش مند تھا اور اس کی آرزو تھی کہ اس کے پاس دولت و شہرت بھی ہو تو اللہ تعالیٰ نے اس کی دونوں آرزوئیں پوری کیں لیکن اس کی تمنا تھی کہ وہ کم ازکم ڈیڑھ سو سال تک زندہ رہے۔ اس مقصد کے لیے اس نے کچھ ایسے افراد بھی اپنے رابطے میں رکھے تھے کہ جن سے بوقت ضرورت وہ جسمانی اعضا بطور عطیہ لے سکتا تھا لیکن اس کی یہ تمنا پوری نہ ہوئی اور ہمہ وقت ڈاکٹروں کے رابطے میں رہنے کے باوجود وہ صرف 50 سال کی عمر میں دنیائے فانی سے کوچ کرگیا۔

مائیکل جیکسن کی ‘بیڈ’ جیکٹ ایک لاکھ ڈالرز میں فروخت

25 جون کو جب اس کا انتقال ہوا تو اس کے بعد لاس اینجلس کے فارسٹ لان میموریل پارک میں اسے سپرد خاک کردیا گیا۔

مائیکل جیکسن اپنی زندگی میں کئی مرتبہ متنازعہ ہوئے اور بعد از مرگ بھی ان پر سنگین نوعیت کے الزامات عائد کیے گئے۔ اپنی زندگی میں انہوں نے ہمیشہ لگائے جانے والے الزامات کی صحت سے انکار کیا لیکن چند مواقع ایسے بھی آئے جب ان کے متعلق کہا گیا کہ الزام لگانے والوں کو انہوں نے خطیر رقم ادا کرکے خاموش رہنے پہ رضامند کیا تھا۔

قطع نظر اس بات کے کہ ان پر عائد کردہ الزامات میں کس قدر سچائی تھی ؟ اور ان میں کتنی صداقت تھی؟ اس سے انکار ممکن نہیں ہے کہ وہ بلاشبہ دنیائے موسیقی کا بے تاج بادشاہ تھا۔ اسی وجہ سے مائیکل جیکسن کا نام گنیز بک برآئے عالمی ریکارڈ میں ایک سے زائد مرتبہ درج کیا گیا۔ اسے تیرہ گریمی اعزاز ملا اور اس کے علاوہ بھی بے پناہ ایوارڈز اس کے نام سے منسوب ہوئے۔


متعلقہ خبریں