گوگل فوٹوز میں الفاظ تلاش کرنے کا فیچر متعارف


گوگل نے اپنے صارفین کے لیے سروس کے معیار کو بہتر اور جدید بناتے ہوئے ایک اور نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے تصویر کو ان پر تحریر متن کے ذریعے تلاش کیا جا سکے گا۔

پچھلے کچھ عرصے کے دوران ٹیکنالوجی کے میدان کے اس بڑے ادارے نے مختلف چیزوں کو پہچاننے کی صلاحیت رکھنے والے فیچرز گوگل لینز متعارف کرائے ہیں تاکہ ڈیٹا میں سے مطلوبہ اشیا آسانی سے تلاش کی جا سکیں۔

اب گوگل نے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے تصاویر کو ان پر تحریر الفاظ کی مدد سے تلاش کیا جا سکے گا۔

حیرت انگیز طور پر ٹیکسٹ کے ذریعے تصویر تلاش کرنے والے اس فیچر میں گوگل لینز کے آپٹیکل کریکٹر ریکگنیشن (او سی آر) کی مدد سے  کاپی اور پیسٹ بھی کیا جا سکتا ہے۔

یہ فیچر اب کچھ اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں تو دستیاب ہے تاہم اب تک یہ آئی او ایس ڈیوائسز پر فعال نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ گوگل نے لینز فیچر کے کام کرنے میں آنے والی رکاوٹوں کو دور کرنے کی حتی الامکان کوشش کرتے ہوئے اس بات کو بھی یقینی بنایا ہے کہ گوگل فوٹوز کی لائبریری میں سے تصویر کے کسی بھی حصے کے الفاظ کو تلاش کیا جا سکے۔

اس فیچر کا سب سے حیران کن پہلو یہ ہے کہ ٹیکسٹ ڈھونڈنے کے لیے آپ کو پہلے تصویر منتخب نہیں کرنی پڑتی بلکہ گوگل خود تمام تصویروں میں سے او سی آر کی مدد سے مطلوبہ ٹیکسٹ ڈھونڈتا ہے۔

یہ فیچر یقینی طور پر گوگل فوٹوز میں سے تصویریں تلاش کرنا آسان کر دے گا۔ اس فیچر کی بدولت دستاویزات کی تصویریں ڈھونڈا بہت ہی آسان ہو جائے گا ساتھ ہی ساتھ سائن بورڈز، بزنس کارڈز اور ریستورانوں کے مینیو کارڈ کو ڈھونڈنا بھی سہل ہو جائے گا۔


متعلقہ خبریں