حکومت نے جھوٹے دعوؤں کے علاوہ کچھ نہیں کیا، مریم اورنگزیب

ایک سال کے دوران 15 لاکھ لوگ بے روزگار ہوئے، رہنما مسلم لیگ ن



اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت نے ایک سال میں جھوٹے دعوؤں کے علاوہ کچھ نہیں کیا وہ یہی بتا دیتے کہ ایک سال کے دوران کتنے انڈے، مرغیاں اور بکرے دیے ؟

مریم اورنگزیب نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک سالہ حکومتی کارکردگی رپورٹ جھوٹ اور ڈرامہ بازی تھی لیکن پاکستانی عوام بے وقوف نہیں ہے۔ مسلم لیگ ن حکومت کے جھوٹ کے خلاف وائٹ پیپر لے کر آئے گی۔ ایک سال کے دوران 15 لاکھ لوگ بے روزگار ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ابھی تک کنٹینر سے نہیں اترے، موجودہ حکومت ناکام ہو چکی ہے اور اب ان کے پاس جھوٹے دعوؤں کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہے۔ گزشتہ ایک سال میں مہنگائی اور بے روزگاری میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔

مریم اورنگزیب نے مہنگائی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی 3 فیصد سے 10.3 فیصد پر آ گئی ہے جبکہ گیس کی قیمت میں 200 فیصد اور بجلی کی قیمت میں 35 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اسٹاک ایکسچینج میں 32 فیصد کمی آئی۔

انہوں نے کہا کہ آج ملک میں ترقی کی شرح 3.3 فیصد ہے لیکن جب ہم نے ملک چھوڑا تھا تو ملک 5.8 کی شرح سے ترقی کر رہا تھا۔ موجودہ حکومت نے ایک سال میں 7 ہزار 600 ارب روپے کا قرضہ لیا جبکہ اس دوران ملکی معیشت میں صرف مرغیوں اور کٹوں کا اضافہ ہوا۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ حکومت کی ایک سالہ نالائقی پر انہوں نے فائلیں بانٹیں لیکن کابینہ کا کوئی وزیر آج موجود نہیں تھا کیونکہ جب رپورٹ اچھی نہ ہو تو کوئی رپورٹ لینے نہیں جاتا۔ حکومت اپنی رپورٹ میں یہی بتا دیتی کہ ایک سال میں کتنے انڈے، مرغیاں اور بکرے دیے۔

یہ بھی پڑھیں  پی ٹی آئی حکومت کا پہلا سال بھیانک خواب ہے، وزیراعلی سندھ

رہنما مسلم لیگ ن نے استفسار کیا کہ وزیر اعظم ہاؤس میں یونیورسٹی بننی تھی اس میں کتنے طلبا نے داخلہ لیا اور اس میں کون کون سے مضامین پڑھائے جا رہے ہیں ؟

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے ابتدائی ایک سال میں ٹیکس وصولی کے ہدف میں 600 ارب روپے کا ریکارڈ خسارہ ہوا جبکہ حکومتی اخراجات میں 18 فیصد اضافہ ہوا۔ اس دوران شرح سود میں 30.57 فیصد اضافہ ہوا جو 5.25 سے بڑھ کر 13.75 فیصد ہو گئی ہے۔


متعلقہ خبریں