پاکستان کی درخواست پر سلامتی کونسل کا اجلاس جمعہ کو طلب

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی دو روزہ دورے پر چین آمد

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پاکستان کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے مسئلہ کشمیر پر 16 اگست کو اجلاس طلب کرلیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق اجلاس میں سلامتی کونسل کے رکن ممالک مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر آئینی اقدام کے بعد کی صورت حال پر غور کریں گے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے  صدر سلامتی کونسل کو لکھے خط میں اجلاس طلب کرنے کی درخواست کی تھی جس کی حمایت روس نے بھی کی تھی۔

خیال رہے کہ 50 سال بعد اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں مسئلہ کشمیر پر بات چیت ہوگی جسے پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی سمجھا جارہا ہے۔

اس سے قبل شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمارا راستہ امن کا راستہ ہے اور ہم نے کبھی جنگ کو ترجیح نہیں دی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے اور اسی وجہ سے بھارت سلامتی کونسل اجلاس کی مخالفت کررہا ہے۔

مزید پڑھیں: ’مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل میں لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں‘

ان کا کہنا تھا کہ میری روسی ہم منصب سے مفصل گفتگو ہوئی جن کو تفصیل سے پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ لندن میں آج تاریخی اجتماع ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ قیادت اور عوام ساتھ ہو تو فوج لڑتی ہے، پاک-بھارت مذاکرات کی راہ میں سب سےبڑی رکاوٹ مودی ہیں اور ان کی سوچ خطے کے امن کےلیے خطرہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فروری میں مودی نے الیکشن جیتنے کے لیے کشمیر کو داؤ پر لگا دیا، انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھی کشمیر میں مظالم دیکھنے چاہئیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو عید کی نماز نہیں پڑھنی دی گئی، او آئی سی کی تمام قیادت سےکہتا ہوں کہ کشمیر کے معاملے پر کردار ادا کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا کام نیک نیتی سے سلامتی کونسل میں مقدمہ پیش کرنا اور لڑنا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ اگر کوئی ہم پرجنگ مسلط کرتا ہے تو ہمیں دفاع کا حق حاصل ہے۔


متعلقہ خبریں