زیر حراست ملزمان کیلئے عید قرباں پر خصوصی منصوبہ تشکیل


لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور میں زیر حراست ملزمان کیلیے عید قرباں پر خصوصی منصوبہ تشکیل دے دیا گیا۔

نیب ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ زیر حراست ملزمان کو خاندان کے قریبی افراد سے ملاقات کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

عید کے روز زیر حراست ملزمان کو قید سے باہر گرین ایریا میں رکھنے کی تجویز ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عید پر حمزہ شہباز، مریم نواز اور یوسف عباس کو اہلخانہ سے ملاقات کی اجازت ہوگی جبکہ نیب حوالات میں قید ملزمان کیلئے ضیافت کا بھی انتظام کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے: بلاول بھٹو زرداری کا نماز عید مظفر آباد میں ادا کرنے کا فیصلہ

ملکی سیاسی تاریخ میں پہلی بار کئی سیاستدان اپنی عید جیل میں گزاریں گے۔

ایک سابق صدر، دو سابق وزرائے اعظم، اسپیکر اسمبلی، کئی سابق وزراء جبکہ ایک موجودہ قائد حزب اختلاف کی عید  بھی سلاخوں کے پیچھے ہوگی۔

تبدیلی سرکار کے عہد میں سابق صدر آصف علی زرداری ، دو سابق وزرائے اعظم میاں نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کی عید قرباں جیل کی سلاخوں کے پیچھے گزرے گی ۔

سیاسی جماعتوں کی دو مرکزی خواتین رہنما جن میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور کا تہوار بھی جیل کی سلاخوں کے پیچھے بسر ہوگا۔

پنجاب کے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی عید قیدخانے کی دیوار تکتے گزرے گی تو سابق صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ خان، سلمان رفیق ، وفاقی وزراء مفتاح اسماعیل اور خواجہ سعد رفیق بھی اپنی عید سلاخوں کے پیچھے گزارنے پر مجبور ہوں گے۔

اسپیکر سندھ اسمبلی سراج درانی اور موجودہ حکومت کے رکن اسمبلی سبطین خان بھی مختلف کیسز میں گرفتاری کے بعد جیل میں ہیں۔

سیاسی رہنماؤں کے علاوہ ان کے رشتہ داروں کی عید بھی قید میں گزرے گی نواز شریف کے بھتیجے یوسف عباس شریف اور رانا ثناء اللہ کے داماد رانا شہریار کا تہوار بھی قید تنہائی کی نذر ہو گا۔


متعلقہ خبریں