’مقبوضہ کشمیرانسانی حقوق کی جنگ، پاکستان اکیلانہیں جیت سکتا‘



اسلام آباد: ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈی والا نے کہا کہ  مقبوضہ کشمیر انسانی حقوق کی جنگ ہے اور پاکستان اکیلا اسے نہیں جیت سکتا۔

ہم نیوز کے پروگرام’ندیم ملک لائیو‘ میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر صحیح طرح نہیں اٹھایا اور یہ مسئلہ کسی دوسرے ملک کے ایجنڈے میں شامل نہیں۔

ان کا کہنا تھا جب تک کشمیر دیگر ممالک کے ایجنڈے پر نہیں آئے گا اس وقت تک مسئلہ حل نہیں ہوگا۔

سلیم مانڈی والا نے کہا کہ 70 سال سے پاکستان کی سیاسی پارٹیاں غلط پالیسی اپناتی آئی ہیں اور دیگر ممالک کو اس مسئلے سے متعلق درست آگاہی نہیں دی۔

انہوں نے کہا پاکستان میں قراردادیں منظور کرنے سے کچھ نہیں ہوگا دیگر اسلامی ممالک کی پارلیمان میں بھی مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقدامات ہونے چاہیں۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے مطابق پاکستان نے ماضی میں کئی مواقع گنوائے ہیں جب ہم عالمی برادری سے اپنے مطالبات منوا سکتے تھے۔

انہوں نےکہا دنیا سمجھتی ہے کہ مقبوضہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ ہے مگر یہ انسانیت کا مسئلہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیرایک انسانی حقوق کی جنگ ہے اور ہم اکیلے اسے نہیں جیت سکتے، ہمیں دیگر ممالک کو بھی ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ ہمارے میں خطے میں جو تبدیلیاں ہونے جارہی ہیں اس کے پاکستان پر بھی اثرات ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا وزیراعظم کو سب پہلے سے معلوم تھا لیکن انہوں نے کچھ نہیں کیا اور نہ ہی منصوبہ بندی کی گئی۔

ن لیگی رہنما نے کہا موجودہ حکومت نے سفارتی سطح پر کمزوری دکھائی جس کے سبب آج ترکی کے علاوہ کسی نے بھی واضح بات نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کی شہ رگ پر مہلک وار کیا ہے اور اب ہمیں سوچنا ہوگا کیسے جواب دیا جائے۔

ہم نیوز کے مہمان نے کہا ہے حکومت دوست ممالک کو خصوصی وفود پہنچے، ملک میں اتحاد پیدا کرے اور اسلامی ممالک کا اجلاس بلایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت اسرائیل کے نقش قدم پر چل رہا ہے اور مسلمانوں کا قتل عام کرے گا، کشمیریوں کو لائن آف کنٹرول کی طرف دھکیلا جائے گا۔

احسن اقبال نے کہا اگر پاکستان اچھی سفارت کاری کرے تو دوست ممالک ساتھ کھڑے ہوجائیں گے ورنہ اس خطے کے حالات بہت بگڑنے والے ہیں۔


متعلقہ خبریں