چین کی کمپنی ہواوے نے اپنے اسمارٹ فونز کے لئے نئے آپریٹینگ سسٹم ’’ ہونگ مینگ‘‘ کی ٹیسٹنگ کا آغاز کر دیا ہے جو ممکنہ طور پر رواں سال کے آخر میں مارکیٹ میں ریلیز کر دیا جائے گا۔
اسمارٹ فونز بنانے والی دنیا کی دوسری بڑی کمپنی ہوواے نے آپریٹنیگ سسٹم کے میدان میں گوگل اینڈروئڈ کو مشکل وقت دینے کی ٹھان لی ہے۔
اس حوالے سے جاری ایک رپورٹ کے مطابق ہواوے کی جانب سے اوسط درجے کے صارفین کے لئے اس نئے آپریٹنگ سسٹم کی حامل ڈیوائس کو جلد لانچ کر دیا جائے گا جس کی قیمت 266 ڈالر رکھی گئی ہے۔
یاد رہے گزشتہ ماہ ہواوے نے امریکی پابندیاں نرم ہونے کے باوجود دنیا کے مقبول ترین موبائل آپریٹنگ سسٹم اینڈروئڈ پر انحصار ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
ہواوے کے بانی رین زین فائی کےمطابق کمپنی کا اپنا ہونگ مینگ آپریٹنگ سسٹم اینڈروئڈ سے زیادہ تیز اور بہتر ہے اور ہم بتدریج پرانہ سسٹم چھوڑ دیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ہونگ مینگ آپریٹنگ سسٹم اینڈروئڈ کے مقابلے 60 فیصد تیز ہے اور صرف موبائل فونز کے لیے مخصوص نہیں۔
ہواوے کمپنی کا تیار کردہ آپریٹنگ سسٹم انٹرنیٹ راﺅٹرز، معلومات محفوظ کرنے والے مراکز، پرنٹڈ سرکٹ بورڈ اور خودکار ڈرائیونگ کی صلاحیت رکھنے والی گاڑیوں میں بھی استعمال ہو سکے گا۔
رین زین فائی کا کہنا تھا کہ اس سسٹم کو باقاعدہ استعمال میں لانے سے قبل ہواوے کو اپنا ایپ اسٹور بنانا ہوگا جو تیاری کے آخری مراحل میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہواوے کے آپریٹنگ سسٹم کو مارکیٹ میں جگہ بنانے کے لیے تھوڑا وقت درکار ہوگا کیوں کہ اینڈروئڈ اور آئی او ایس پہلے سے بازار میں دستیاب ہیں اور ان کو اچھی ڈویلپر سپورٹ حاصل ہے۔
ٹیکنالوجی مصنوعات تیار کرنے والی چینی کمپنی کے بانی نے بتایا کہ دنیا بھر کے ڈویلپز کو اپنی جانب متوجہ کرنے کے لیے رواں سال ایک بین الاقوامی کانفرنس بھی رکھی جائے گی۔
چینی کمپنی کا نیا آپریٹنگ سسٹم رواں سال ابتدائی طور پر چین میں متعارف کرایا جائے گا اور 2020 میں دنیا بھر میں صارفین کے لیے پیش کیا جائے گا۔