دوبارہ گنتی: حلقہ این اے 237میں پی ٹی آئی امیدوار کی برتری برقرار


کراچی:پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی جمیل احمد خان قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 237 میں ہونے والی دوبارہ گنتی میں بھی 1508 ووٹوں کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ 

جمیل احمد خان کی طر ف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ٹریبونل کے حکم پر دوبارہ گنتی میں بھی پیپلز پارٹی کے حکیم بلوچ کو ایک بار پھر شکست ہوئی، دھاندلی کے دعوے جھوٹے ثابت ہوگئے ہیں۔

جمیل احمد خان نے کہا کہ پورے پاکستان میں یہ پہلا حلقہ ہے جس میں ری کاونٹنگ کی گئی ہے،پیپلز پارٹی جھوٹے پراپیگنڈہ کر کے اداروں اور عوام کو گمراہ کرنا بند کرے۔

انہوں نے کہا کہ پی پی قیادت سمجھ لے کہ انتخابات ری کاونٹنگ کے جھوٹے ہتھکنڈوں سے نہیں بلکہ عوامی حمایت سے جیتے جاتے ہیں،عوام نے عمران خان اور تحریک انصاف کے حق میں رائے دی تھی جس کا ثبوت ری کاونٹگ کی شکل میں آچکا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ پیپلز پارٹی ایک نہیں سارے حلقے کھلوا کر اپنا شوق پورا کرلے، پی ٹی آئی کو انتخابات میں حقیقی فتح حاصل ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: حلقہ پی کے 113 ،دوبارہ گنتی میں مولانا عصام الدین دوبارہ کامیاب قرار


متعلقہ خبریں