کرپٹ قیادت کا دفاع کرنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں ہے،فردوس عاشق اعوان

جیل میں رکھنا اور نکالنا حکومت کا نہیں عدالتوں کا کام ہے، فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  نے کہاہے کہ جب وزیراعظم عمران خان نے سیکرٹ بیلٹنگ یعنی خفیہ ووٹ کی بجائے شو آف ہینڈ کے ذریعے سینیٹ انتخاب کی تجویز دی تھی تو دونوں بڑی سیاسی جماعتوں نے اسے رد کر دیا تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جس نے وفاداریاں بدلنے پر اپنی جماعت کے صوبائی ممبران کے خلاف کارروائی کی۔اب بھی اس ضمن میں مثبت اقدام اور ترمیم کی حمایت کریں گے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر نائب صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’’احسن اقبال صاحب! تحقیقاتی کمیٹی ضرور بنائیں لیکن تحقیقات کا دائرہ چھانگا مانگا کے جنگلات اور مری کی پر فضا مقام پر قائم ریسٹ ہاؤسز تک وسیع کریں۔‘‘

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات نے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سوال اٹھایا کہ ملکی سیاست میں اخلاقیات کا گلا گھونٹنے والے آج کس منہ سے گلے پھاڑ کر اخلاقی سیاست کا درس دیتے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں عوام سے مسترد ہونے کے بعد کل آپ کو سینیٹ میں شکست فاش کا سامنا کرنا پڑا۔ان دو جماعتوں نے کرپشن سے ناطہ نہ توڑا تو چند اضلاع تک محدود ہو جائیں گی۔ کرپٹ قیادت کا دفاع کرنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں