پنجاب،خیبرپختونخوا: غیر معیاری اشیائے خورونوش کے خلاف کارروائیاں

پنجاب،خیبرپختونخوا: غیر معیاری اشیائے خورونوش کے خلاف کارروائیاں

راولپنڈی/نوشہرہ: پنجاب اور خیبرپختونخوا کی حکومتوں نے عیدالاضحیٰ سے قبل شہریوں کو بہتر اشیائے خورو نوش کی فراہمی یقینی بنانے اور انسانی صحت کو ملاوٹ شدہ اشیا سے پہنچنے والے نقصان سے بچانے کی خاطر بڑے پیمانے پرمضر صحت مصالحہ جات اور کولڈ ڈرنکس کے خلاف بڑے پیمانے پر چھاپہ مار (کریک ڈاؤن) کارروائیاں کی ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق پنجاب فوڈاتھارٹی نے ممنوعہ ڈرنکس کی فروخت میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں اسٹور کرنے والے گودام کو بھی سیل کردیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کے مطابق ادویاتی ڈرنکس (العروف انرجی ڈرنکس) رکھنے والے پرائم ٹریڈرز کا گودام سیل کرکے 56 ہزارسے زائد ٹن ضبط کر لیے گئے ہیں۔

471 فوڈ بزنس آپریٹرز مختلف بیماریوں کا شکار ہیں،پنجاب فوڈ اتھارٹی

ڈی جی فوڈ اتھارٹی پنجاب کے مطابق بلیٹس کے 45 ہزار 502 اور ریڈبل کے 13 ہزار 872  سمیت دیگر مضر صحت ڈرنکس کے ٹن تلف کیے گئے ہیں۔

ہم نیوز کو کیپٹن (ر) محمد عثمان نے بتایا کہ برآمد شدہ اسٹاک پرلفظ انرجی اور ممنوعہ لیبلنگ درج تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اپریل 2018 میں ادویاتی اجزا والی ڈرنکس کو انرجی ڈرنکس کہنے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی پنجاب کے مطابق ایسی پراڈکٹس پر لفظ انرجی نہ لکھنے اور لیبل پر واضح طور پر’ہائیلی کیفینیٹڈ ڈرنک’ تحریر کرنے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔

ہم نیوز کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی پنجاب کا کہنا ہے کہ ممنوعہ لیبلنگ والی ڈرنکس فروخت کرنے کی آخری تاریخ 31دسمبر 2018 تھی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ایسی ڈرنکس جن میں کیفین کی مقدار زیادہ ہو وہ بلڈپریشر، ہڈیوں کی کمزوری اور امراض قلب جیسے خطرناک امراض پیدا کرنے اور یا ان کو بڑھاوا دینے کا سبب بنتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام الناس تک معیاری اشیائے خورونوش کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ذمہ داری ہے۔

کے پی فوڈ اتھارٹی: غیرمعیاری مشروبات بنانے والی فیکٹری سیل

ہم نیوز کے مطابق عیدالاضحیٰ کی آمد سے قبل عوام الناس کو صاف ستھرے معیاری مصالحہ جات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے نوشہرہ کے علاقے اورنگ آباد میں خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے مضر صحت مصالحہ تیار کرنے والی فیکٹری سیل کردی۔

سیل کی گئی فیکـٹری سے ہزاروں کلو برادہ اورغیر معیاری مصالحہ برآمد ہوا ہے جس میں غیر معیاری تیل استعمال کیا جا رہا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق چھاپہ مارکارروائی میں حصہ لینے والی ٹیموں کے ذرائع نے بتایا ہے کہ برآمد ہونے والی اشیا میں سے ایک بھی قابل استعمال نہ تھی جس کی وجہ سے تمام اشیا کو جمع کرکے نذرآتش کردیا گیا۔

چھاپہ مار کارروائی میں پشاور ٹاؤن 02 اور ٹاؤن 04 کے لیے مختص ٹیموں نے حصہ لیا۔


متعلقہ خبریں