ایل او سی پر بھارتی فوج کی فائرنگ، ایک شہری شہید 9 زخمی

لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت، 2 شہری شہید

فوٹو: فائل


راولپنڈی: لائن آف کنٹرول(ایل او سی) پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے ایک پاکستانی شہری شہید جب کہ بچوں اور خواتین سمیت 9 زخمی ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایل او سی پر بھارتی فوج کی جانب سے ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی اور جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

پاک فوج کی جانب سے بھارتی فورسز کی فائرنگ کا بھر پور جواب دیا گیا اور بھارتی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا۔ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 3 بھارتی فوجی مارے گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

پاک فوج کی جوابی کارروائی سے متعدد بھارتی چیک پوسٹوں کو بھی نقصان پہنچا۔ بھارتی فورسز نے دانند، دھنیال، جورا، لیپا، شردا اور شاہ کوٹ سیکٹرز میں فائرنگ کی۔

یہ بھی پڑھیں وزیر اعظم آزاد کشمیر کے ہیلی کاپٹر پر بھارتی فوج کی فائرنگ

واضح رہے کہ بھارتی فورسز کی جانب سے اکثر بلا اشتعال فائرنگ کی جاتی ہے جس میں عام طور پر شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ دو ہفتہ قبل بھی بھارتی فورسز کی فائرنگ سے ذہنی معذور شخص جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہو گئی تھیں۔

ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے سال 2018 میں 55 افراد نے جام شہادت نوش کیا۔ فائرنگ سے 300 سے زائد شہری زخمی بھی ہوئے۔


متعلقہ خبریں