کسی کو دھونس جما کر نظام کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دیں گے، سیف اللہ نیازی


اسلام آباد:حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے کہاہے کہ حزب مخالف کے پاس احتجاج کی اس سے معقول کوئی وجہ نہیں کہ چوروں کا تحفظ اور انتخابات میں شکست کی خفت مٹانا چاہتی ہے،بے لاگ احتساب کا عمل رکے گا نہ ہی کسی کو دھونس جما کر نظام کو یرغمال بنانے کی اجازت دیں گے۔

سیف اللہ خان نیازی  نے یہ بات آج پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی تنظیم کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزرسیف اللہ خان نیازی نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ وزیراعظم کے دورہ امریکہ کو شرق و غرب میں نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے،وزیراعظم عمران خان نے اہل مغرب کو نئے پاکستان سے بہترین انداز میں متعارف کروایا۔

انہوں نے کہا کہ ایک عرصے بعد تنازعہ کشمیر اعلیٰ ترین سطح پر نہ صرف زیر بحث آیا بلکہ اس کے حل کی اہمیت بھی پوری طرح اجاگر ہوئی ہے۔ حزب مخالف آئین اور جمہوری اقدار کو پامال کرنے پر بضد دکھائی دے رہی ہے۔

سندھ میں پیپلز پارٹی کی جانب سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان اور ساتھیوں پر تشدد کی شدید مذمت  کرتےہوئے سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ میں ریاستی طاقت کے بل بوتے پر تنقیدی آوازوں کو دبانے سے باز رہے۔

سیف اللہ خان نیاز ی نے کہا کہ پر امن انداز میں اہل کراچی کی آواز بننے والے رکن قومی اسمبلی اور انکے ساتھیوں پر پولیس کی سرپرستی میں پیپلزپارٹی کے غنڈوں کا حملہ شدید مذمت کے قابل ہے۔

مرکزی سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی، سینئرنائب صدر ارشد داد، نائب صدر زاہد حسین کاظمیمرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل ڈاکٹر ابوالحسن انصاری اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد سمیت دیگر بھی اجلاس میں شریک ہوئے ۔

اجلاس میں تحریک انصاف کے تنظیمی معاملات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چاروں صوبوں میں قائم تنظیموں کو دیے جانے والے اہداف کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ مرکزی و صوبائی تنظیموں کی تکمیل کے بعد ڈویژن، ضلع اور نچلی سطح تک تنظیم سازی جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

حزب اختلاف کی جانب سے احتجاج کی دھمکیوں اور جھوٹے پراپیگنڈہ مہم کو خاطر میں نہ لانے پر اتفاق کے ساتھ ساتھ وزیراعظم کی قیادت میں وفاقی و صوبائی حکومتوں کے اصلاحاتی اقدامات کی مکمل حمایت کا اعلان بھی کیا گیا۔

اجلاس میں مجموعی ملکی سیاسی صورتحال کا بھی بغور جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے حال ہی میں مکمل ہونے والے کامیاب دورہ امریکہ پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا گیا اورہزاروں کی تعداد میں وزیراعظم کے استقبال کیلئے واشنگٹن ڈی سی آنے والے اورسیز پاکستانیوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا۔

شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں دہشت گرد حملوں میں شہید ہونے والے سپاہیوں کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی ۔ اجلاس میں راولپنڈی میں پاک فضائیہ کے تربیتی طیارے کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کیلئے بھی دعا کی گئی ۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان تحریک انصاف کو مزید مضبوط و فعال بنانے کا فیصلہ


متعلقہ خبریں