’ نوازشریف سے اے سی کی سہولت واپس لینا انتقامی کارروائی ہے‘

مریم اورنگزیب پر حملہ سیاسی مخالفین کی تربیت بتاتی ہے، شہباز شریف

فوٹو: فائل


قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوازشریف سے اے سی کی سہولت واپس لینا انتقامی کارروائی ہے۔

شہباز شریف نے یہ بات  چیف سیکرٹری پنجاب کولکھے گئے  خط  میں کہی ہے ۔ شہبا زشریف نے لکھا کہ وزیراعظم کے حکم پر یہ اقدام کیا جارہا ہے۔اس اقدام سے ان کے قائد اور بھائی کی جان کو خطرہ ہوسکتا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ سابق وزیراعظم کے کمرے سے اے سی اتارنے کا پنجاب حکومت کا خط سرکاری  میڈیکل بورڈ کی سفارشات کی خلاف ورزی ہے۔

صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف نے چیف سیکرٹری پنجاب کو لکھے اپنے خط  میں کہا ہے کہ ان کے علم میں آیا ہے کہ پنجاب حکومت نے آئی جی جیل خانہ جات کو 17 جولائی کو خط لکھ کراے سی اتارنے کی ہدایت کی ہے۔ سیاسی انتقام کی خاطر یہ اقدام نوازشریف کی جان پر حملہ ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے خط میں لکھا ہے کہ میڈیکل بورڈ کی سب سے پہلی سفارشی یہی ہے کہ نواز شریف کو مناسب درجہ حرارت والے کمرے میں رکھا جائے، میڈیکل بورڈ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ مناسب درجہ حرارت میں نہ رکھنے سے نوازشریف کے گردے فیل ہو سکتے ہیں۔

محکمہ داخلہ کی سرد مہری پرحیرانی کا اظہار کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ نواز شریف کی صحت سے متعلق کلیدی نکتہ کو کیسے نظر انداز کردیا گیا؟ 3مرتبہ کے منتخب وزیر اعظم کو سیاسی دبائو کی بناء پر ان کے قانونی اور جائز حقوق سے محروم نہ کیا جائے۔

سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے لکھا کہ میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے۔ شہباز شریف کے خط کی کاپیاں چیف جسٹس پاکستان، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ پنجاب اور آئی جی جیل خانہ جات کو بھی بھیجی  گئی ہیں۔

’سابق وزیراعظم  نواز شریف سے اے سی اور ٹی وی واپس لیے جانے کی خبر درست نہیں‘


متعلقہ خبریں