پنجاب: پرائمری اسکولوں میں ذریعہ تعلیم اردو کرنے کا فیصلہ


لاہور: اگلے تعلیمی سال سے پنجاب کے پرائمری اسکولوں میں ذریعہ تعلیم اردو کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے قومی زبان میں تعلیم دینے کی تجویز رکھی تھی جس کی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے توثیق کر دی ہے۔

فیصلے کے مطابق صوبے بھر میں پانچویں جماعت تک کے طلبا کو تمام مضامین اردو میں پڑھائے جائیں گے۔

تعلیم کا میڈیم انگریزی سے اردو کرنے سے قبل محکمہ اسکول ایجوکیشن نے صوبہ پنجاب کے 22 اضلاع میں والدین اور طلبا سے سروے کیا۔

سروے کے نتائج کے مطابق 85 فیصد سے زائد طلبا، اساتذہ اور والدین نے اردو کے حق میں رائے دی تھی۔

سروے کے نتائج نے وزیر تعلیم پنجاب کی پرائمری تک اردو زبان میں تعلیم دینے کی تجویز کی توثیق کی جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے مراد راس کی سن لی اور صوبہ بھر میں تعلیم کا میڈیم اردو کر دیا۔

اس ضمن میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ تعلیم انگریزی میں ہونے کی وجہ سے اساتذہ اور بچوں کا سارا وقت مضمون کو سمجھنے کی بجائے ترجمہ کرنے میں صرف ہو جاتا ہے۔ پرائمری جماعت تک انگریزی کی وجہ سے بچے کچھ نیا سیکھ نہیں پاتے۔


متعلقہ خبریں