قومی ہاکی چیمپیئن شپ، کھلاڑی پانی کی تلاش میں مصروف

قومی ہاکی چیمپیئن شپ، کھلاڑی پانی کی تلاش میں مصروف

فوٹو: فائل


کراچی: پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی کھیل کو بھی تباہ کر دیا۔ کھلاڑیوں نے ناقص انتظامات کے باعث رات سڑک پر گزاری تو ٹورنامنٹ کے دوران کھلاڑی میدان سے باہر پانی کی تلاش میں سرگرداں نظر آئے۔

کراچی کے عبدالستار ہاکی اسٹیڈیم میں قومی ہاکی چیمپیئن شپ آغاز سے ہی بد انتظامی کا شکار نظر آ رہی ہے اور قومی کھیل کو بھی مذاق بنا دیا گیا۔ مختلف شہروں سے آئے کھلاڑیوں نے عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں ناقص انتظامات پر انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

شدید گرمی میں بھی اسٹیڈیم میں پینے کے لیے پانی کا انتظام نہیں کیا گیا اور ٹورنامنٹ کھیلنے آئے کھلاڑی اسٹیڈیم سے باہر پانی کی تلاش میں خوار ہوتے نظر آئے۔

دوسری جانب حد تو یہ ہو گئی کہ فاٹا کی ٹیم کے کھلاڑی کی انگلی ٹوٹی تو اسے اسپتال لے جانے کا بھی کوئی انتظام موجود نہیں تھا بلآخر کھلاڑی کو موٹرسائیکل پر ہی اسپتال لے جایا گیا۔


واضح رہے کہ قومی ہاکی چیمپیئن شپ کراچی کے عبدالستار ہاکی اسٹیڈیم میں جاری ہے جس میں ملک بھر سے 20 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔


متعلقہ خبریں