پانچ بڑے ہوائی اڈوں کو جدید بنانے کیلئے قطر کی پیشکش


اسلام آباد: حکومت پاکستان نے ملک کے پانچ بڑے ہوائی اڈوں کو جدید بنانے کے حوالے سے کوششوں کا آغاز کردیا اور اس سلسلے میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے تعاون کی پیشکش بھی کر دی۔

حکومتی ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ یہ پیشکش وزیراعظم عمران خان کو حالیہ دورہ پاکستان کے دوران کی گئی۔

قطر جدید ہوائی اڈوں کی تیاری میں مالی اور تکنیکی تعاون فراہم کرے گا، ائیر پورٹس کو جدید ٹیکنالوجی اور نئے آرکیٹیکچر ڈیزائین میں بدلا جائے گا۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ امیر قطر نے ہوائی اڈوں کی کئی سروسز کو بیرونی ٹھیکوں (آؤٹ سورس) پر دینے کا مشورہ دیا ہے۔

امیر قطر کا کہنا تھا کہ پاکستان چاہے تو پرانے ہوائی اڈوں کو قطر ائیر پورٹ کی طرز پر بنایا جا سکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں وزیراعظم نے مشاورت کے لئے اہم اجلاس کل طلب کر لیا ہے جس میں وزیر ہوا بازی سمیت سول ایوی ایشن حکام شریک ہوں گے۔

اجلاس میں ائیر پورٹ سروسز کو بیرونی ٹھیکوں پر دینے سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

فیصلے پر عملدرآمد پر پاکستان کا شمار خوبصورت ترین ائیر پورٹس رکھنے والے ممالک میں ہو سکے گا۔


متعلقہ خبریں