’وزیراعظم عمران خان کا دورۂ امریکہ شیڈول کے مطابق ہوگا’

موجودہ حکومت میں نیب کی کارکردگی بہترین رہی، وزیر اعظم

اسلام آباد:وائٹ ہاؤس کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ امریکہ شیڈول کے مطابق ہوگا۔

وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکہ سے متعلق امریکی محکمہ خارجہ کے تازہ بیان سے پیدا ہونے والی صورتحال بارے آزاد ذرائع کا کہناہے کہ اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے بیان کی غلط تشریح ہوئی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ واشنگٹن طے شدہ ہے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان کے دورہ  امریکہ میں نہ تو کوئی رکاوٹ آئی ہے اور نہ ہی تبدیلی ہوئی ہے۔

وائٹ ہاوس ذرائع نے بھی عمران خان کے  دورہ امریکہ کی تصدیق کرتے ہوئے  کہا ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ کو وائٹ ہاوس سے دورے کا شیڈول ابھی نہیں ملا۔ دورہ طے کرانے والی شخصیات نے بھی وائٹ ہاؤس سے تصدیق کر لی ہے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکی سیکیورٹی حکام نے وزیر اعظم کے پاکستانی سفیر کے گھر قیام کے پروگرام پرتحفظات کا اظہار بھی کیا ہے۔

اس سے قبل آج صبح امریکی محکمہ خارجہ نے کہا تھا کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کی کوئی اطلاعات نہیں ہیں تاہم اس حوالے سے وائٹ ہاؤس سے رابطہ کرکے تفصیلات حاصل کرینگے۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ مورگن اورٹیگس نے یہ بات ایک نیوز کانفرنس میں بتائی –

مورگن اور ٹیگس نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہمیں وائٹ ہاوَس نے عمران خان کے دورے کی کوئی اطلاع نہیں دی،تاہم وائٹ ہاوَس سے رابطہ کر کے تفصیلات حاصل کرکے آگاہ کریں گے۔

 انہوں نے کہا کہ سنا ضرور ہے عمران خان کے دورے سےمتعلق  سرکاری طور پر نہیں بتایا گیا۔

واضح رہے وزیراعظم عمران خان  جولائی کے تیسرے ہفتے میں امریکہ کے دورے پر جارہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان بائیس جولائی کو امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ  سے ملاقات کریں گے جس میں پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی بات چیت ہوگی ۔

یہ بات پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے گزشتہ جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتائی تھی۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر امریکہ جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ نے بلوچ لبریشن آرمی(بی ایل اے )کو دہشت گرد تنظیم قرار دے کر پاکستان کے موقف کو تسلیم کیاہے۔

یہ بھی پڑھیے:پاکستان کے وزرائے اعظموں کی امریکہ یاترا


متعلقہ خبریں