اراکین اسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات جاری

سیاسی جماعتیں عدلیہ اور افواج پاکستان کیخلاف بات نہیں کریں گی، الیکشن کمیشن

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والی این اے 191 سے منتخب زرتاج گل 55 تولے سونے جبکہ مسلم لیگ نواز کی رہنما مریم اورنگزیب 32 تولہ زیورات کی مالک ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اراکین پارلیمنٹ کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق این اے 277 سے منتخب ایم این اے شزا فاطمہ خواجہ 210 تولہ زیورات جبکہ این اے 283 سے منتخب ایم این اے زیب جعفر 200 تولہ سونا اور ڈائمینڈ رنگز کی مالک ہیں۔

این اے 287 سے منتخب ایم این اے مائزہ حمید 80 تولہ زیور کی مالک ہیں جبکہ ڈاکٹر شیریں مزاری کے پاس 60 تولہ سونا ہے۔

اسی طرح این اے 290 سے منتخب عندلیب عباس کے پاس 50 تولہ جبکہ این اے 306 سے منتخب شگفتہ جمانی کے پاس 100 تولہ سونا ہے۔

این اے 329 سے منتخب ایم این اے عالیہ کامران ایک کلو سونے جبکہ این اے 216 سے منتخب شازیہ مری 25 تولے زیورات کی مالک ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق این اے 230 سے منتخب ڈاکٹر فہمیدہ مرزا 146 تولہ زیورات رکھتی ہیں جن میں سات سونے کے سیٹ 20 اور چوڑیاں شامل ہیں۔

این اے 271 سے منتخب زبیدہ جلال 70 تولہ زیور کی مالک ہیں جبکہ دو لاکھ کا فرنیچر رکھتی ہیں۔

مسلم لیگ ن کی رہنما طاہرہ اورنگزیب 50 ہزار مالیت کا زیور رکھتی ہیں جبکہ ان کے فرنیچر کی مالیت 27000 ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے اثاثے

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان10  کروڑ 82 لاکھ 36 ہزار روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔

انہوں نے بنی گالہ رہائش گاہ  کو بطور تحفہ ظاہر کیا۔ وزیراعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے نام بنی گالہ میں تین کنال کا گھر، پاک پتن میں431  اور اوکاڑہ میں266  کنال اراضی ہے۔

وزیراعظم کے پاس ڈالر، پاؤنڈ اور یورو اکائونٹس بھی ہیں، وہ دو لاکھ روپے کی چار بکریوں کے بھی مالک ہیں۔

وزیراعظم کے پاس 6 اعشاریہ 2 مربع زرعی اور کمرشل اراضی بھی ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری 66 کروڑ روپے مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں جبکہ ان کی بیرون ملک کوئی جائیداد نہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کے پاس ایک کروڑ روپے مالیت کے گھوڑے اور دیگر جانوروں سمیت ایک کروڑ 66 لاکھ روپے کا اسلحہ بھی ہے۔

بلاول بھٹو امیر ترین اراکان قومی اسمبلی میں شامل ہیں۔ ان کے پاس ایک ارب 54 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اثاثے ہیں۔

ان کے دبئی کے دو ولاز میں شیئرز ہیں۔ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو دبئی کے اقامہ ہولڈر بھی نکلے۔

قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے اثاثوں کی مالیت 18 کروڑ 96 لاکھ روپے سے زائد ہے۔

ان کی پہلی اہلیہ نصرت شہباز کے نام 23 کروڑ اور دوسری اہلیہ تہمینہ درانی کے نام 57 لاکھ 65 ہزار روپے کے اثاثے ہیں۔

شہباز شریف کے بیرون ملک اثاثوں کی مالیت 14 کروڑ روپے ہے۔ وہ لندن میں فلیٹ کے مالک بھی ہیں۔

اسی طرح سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی 60 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں جبکہ شیخ رشید کے پاس تین کروڑ 58 لاکھ روپے کے اثاثے، 8 کروڑ 73 لاکھ کا بینک بیلنس اور 25 لاکھ کےپرائز بانڈ ہیں۔

گزشتہ روز گرفتار ہونے والے رانا ثنااللہ کے پاس 6 کروڑ 60 لاکھ روپے اور خورشید شاہ کے پاس 6 کروڑ روپے مالیت کے اثاثے ہیں۔

وزیر مواصلات مراد سعید غریب ارکان قومی اسمبلی میں شامل ہیں۔ ان کے پاس 36 لاکھ کیش اور 15 تولے سونا ہے۔

شہریار آفریدی کے پاس دو کروڑ روپے کے اثاثے ہیں۔ وزیر دفاع پرویز خٹک کے پاس 13 کروڑ 95 لاکھ روپے کے اثاثے اور اڑھائی کروڑ روپے کا بینک بیلنس ہے۔

وفاقی وزیر علی زیدی تین کروڑ روپے اور تحریک انصاف کے ایم این اے سمیع الحسن گیلانی ایک ارب روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔


متعلقہ خبریں