رن ریٹ کے بارے میں نہیں سوچ رہے، سرفراز

رن ریٹ کے بارے میں نہیں سوچ رہے، سرفراز

لندن: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ رن ریٹ اور دیگر چیزوں کے بارے میں ہم ابھی نہیں سوچ رہے تاہم اگر بنگلا دیش کے خلاف اچھے رن ریٹ سے جیتنے کی ضرورت پڑی تو پھر دیکھیں گے کیا کرنا ہے۔

لندن میں ہوٹل کے باہر میڈیا سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ ہماری تیاری بہت اچھی ہے میچ میں ہمیں تین دن کا وقت ملا ہے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ بنگلا دیش کے خلاف بھرپور تیاری سے جائیں۔

وہاب ریاض کی انجری پر پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے اہم بولر ہیں اور ان کی انگلی میں فریکچر ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ابھی میچ میں کچھ دن باقی ہیں، امید ہے وہ مزید بہتر ہوجائیں گے۔

پاکستان جمعے کو بنگلہ دیش کے مدمقابل آئے گا تاہم کل نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان میچ میں گرین شرٹس کی قسمت کا فیصلہ ہوجائے گا۔

نیوزی لینڈ کی فتح کی صورت میں پاکستان بنگلہ دیش کو ہراکر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرسکتا ہے۔

تاہم انگلینڈ کی فتح کی صورت میں گرین شرٹس کے لیے سیمی فائنل میں پہنچنا کافی مشکل ہوجائے گا اور اسے اپنا رن ریٹ نیوزی لینڈ سے بہتر کرنا ہوگا۔


متعلقہ خبریں