وزیراعلیٰ بلوچستان چیئرمین سینیٹ کی حمایت میں میدان میں آ گئے

وزیراعلیٰ بلوچستان بھی چیئرمین سینیٹ کے حق میں بول پڑے

کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال بھی چیئرمین سینیٹ کے حق میں میدان میں آ گئے ہیں۔

ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے بلوچستان کا احساس محرومی مزید بڑھے گا، اس لیے ہم اس کی مخالفت کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ایسا وقت نہیں کہ ایک قابل چیئرمین کو سیاست کی نذر کر دیا جائے، اس سلسلے میں بلوچستان عوامی پارٹی حزب اختلاف سمیت تمام جماعتوں سے رابطہ کرے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کو منتخب کرنے والوں میں حزب اختلاف کے ارکان بھی شامل تھے، بلوچستان کو پہلی بار بڑا عہدہ ملا ہے، ہماری جماعت کے اُمیدوار کے انتخاب میں پیپلزپارٹی کا بھی اہم کردار تھا۔

انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے درخواست کی کہ وہ بلوچستان کارڈ استعمال نہ کریں اور بلوچستان کی نمائندگی کو اس طرح مذاق نہ بنائیں۔

جام کمال کا کہنا تھا کہ اس وقت جبکہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کو پاکستان سے منسلک کیا جا رہا ہے، اپویشن کی جانب سے اگر چیئرمین کی تبدیلی سے متعلق اقدام کیا جاتا ہے تو اس سے پورے صوبے میں مثبت پیغام نہیں جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان احسن انداز سے حکومت چلا رہے ہیں، وفاقی حکومت نیک نیتی سے پاکستان اور بلوچستان کیلئے کام کر رہی ہے،  پہلی بار دس ماہ کی حکومت میں دیگر ممالک کے سربراہان پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ جام کمال نے شاہ محمود قریشی کے وزیراعظم بننے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کوئی تجویز سامنے نہیں آئی، عمران خان کو تمام اتحاد یوں کی بھر پور حمایت حاصل ہے۔


متعلقہ خبریں