راولپنڈی:زائدالمعیاد اشیائےخورونوش فروخت کرنےکی کوشش ناکام


راولپنڈی: پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ’انسانی زندگیوں‘ کو داؤ پر لگانے والے تین گوداموں پہ چھاپے مار کر انہیں سیل کردیا ہے اور برآمد ہونے والی مضر صحت اشیا بڑی مقدار میں قبضے میں لے لیں۔

تینوں گوداموں میں زائد المعیاد غیر ملکی اشیائے خورو نوش پر نئی تاریخ اورنیا لیبل چسپاں کیے جاتے تھے۔

ہم نیوز کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے گنج منڈی کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے زائد المعیاد غیر ملکی اشیائے خور و نوش کو قبضے میں لے کر گوداموں کو سیل کردیا ہے۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذمہ دار ذرائع نے ہم نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ چھاپے کے دوران 21800 انرجی ڈرنکس کے زائد المعیاد ٹن پیکس پکڑے گئے ہیں جن پہ درج تاریخ کو تبدیل کرکے نئی تاریخ کے ساتھ مارکیٹ میں فروخت کیا جانا تھا۔

ذرائع کے مطابق اسی طرح بھارت سے درآمد شدہ خشک دودھ کی بڑی مقدار پکڑی گئی ہے جو تقریباً 355 کلو گرام بتائی جاتی ہے۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کے اعلیٰ حکام نے ایک گودام سے 936 پیکٹس گلیٹو بسکٹس کے قبضے میں لیے ہیں جو زائد المعیاد تھے۔ انسانی زندگیوں سے ’ کھلواڑ‘ کرنے والوں نے انہیں مارکیٹ سے سستے داموں خریدا اوران پر نئی تاریخ چسپاں کررہے تھے تاکہ دوبارہ سے مارکیٹ میں فروخت کیا جاسکے لیکن چھاپہ مار ٹیم کی کارروائی نے یہ مذموم کوشش ناکام بنادی۔

ہم نیوز کے مطابق بھارت سے درآمد شدہ زائد المعیاد خشک دودھ  پر’اسکمڈ ملک‘ کا لیبل لگا کر بھی فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے جسے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے بروقت چھاپے نے ناکام بنا دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی چھاپہ مار ٹیم نے زائد المعیاد کولا ڈرنکس کے 12 ہزار 300 ٹن پیکس بھی قبضے میں لیے ہیں۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی چھاپہ مار کارروائی کے نتیجے میں پوٹھو ہار گڈز کمپنی، رمضان گودام اور سلیم گودام کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان نے ’ہم نیوز‘ کو بتایا کہ زائد المعیاد اشیا کو دوبارہ نئی تاریخ کے لیبل کے ساتھ فروخت کرنا انسانی صحت کے لیے ’زہر قاتل‘ ہے۔


متعلقہ خبریں