’بھارت سے شکست کے بعد خودکشی کا سوچا تھا‘

مکی آرتھر کا قومی ٹیم کے ورلڈکپ اسکواڈ پر اعتماد کا اظہار

قومی ٹیم کے کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف شکست کے بعد میں نے خود کشی کے متعلق سوچا تھا۔

جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عالمی کپ میں ناقص کارکردگی اور میڈیا کی جانب سے مسلسل تنقید کے باعث میں اور میری ٹیم بے تحاشہ ذہنی تناؤ کا شکار تھے۔

پروٹیز کے خلاف جیت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ان حالات میں ٹیم کی اچھی کارکردگی ایک مثبت پہلو ہے، تاہم سیمی فائنل تک رسائی کے لئے مشکل مرحلے ابھی باقی ہیں۔

جب ان سے عالمی کپ میں جنوبی افریقہ کے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ اگر کاغیسو رباڈا کی جانب سے کسی میچ کے شروعات سے تین وکٹیں مل جاتی یا کوئنٹن ڈی کاک بحیثیت سلامی بلے باز ایک جارحانہ اننگز کھیل لیتے تو پروٹیز کی ٹیم آج اچھی پوزیشن میں ہوتی۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے جنوبی افریقہ دوبارہ اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر لے گی، ٹیم کے پاس باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں۔

یاد رہے کہ مکی آرتھر نے جنوبی افریقہ کی ٹیم کے لئے بھی کوچنگ کے فرائض سر انجام دیئے ہیں۔

 

 


متعلقہ خبریں