ابھا ہوائی اڈہ:امریکہ سمیت دیگر کا سعودی عرب سے اظہار یکجہتی

ابھا ہوائی اڈہ:امریکہ سمیت دیگر کا سعودی عرب سے اظہار یکجہتی

ریاض: امریکہ کے سعودی عرب میں متعین سفیر جان ابی زید نے سرحدی شہر کے ’ابھا ہوائی اڈے‘ کو حوثیوں کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکہ کے سفیر نے کہا کہ ہوائی اڈے کو نشانہ بنانا بزدلانہ حملہ ہے۔ انہوں نے حملے کا نشانہ بننے والوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی۔

عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق متحدہ عرب امارات، بحرین، یمن، کویت اور مصر نے بھی حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب سے مکمل اظہار یکجہتی کیا ہے۔

سعودی عرب کے سرحدی شہر میں واقع ابھا ہوائی اڈے پرگزشتہ روز کیے جانے والے حوثیوں کے حملے میں ایک شخص ہلاک اور 21 زخمی ہو گئے تھے۔

خبررساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کی جانب سے یہ مؤقف اپنایا گیا ہے کہ ڈرون حملہ عالمی معاہدوں اور قوانین کی یکسرخلاف ورزی ہے۔

یمن میں آئینی حکومت کے حامی ’عرب اتحاد‘ کی فورسز کے سرکاری ترجمان کرنل ترکی المالکی کے مطابق دہشت گردانہ کارروائی میں ایک شامی شہری جاں بحق اور مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 21 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ کرنل کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں 13 سعودی، چار بھارتی، دو مصری اور دو بنگلہ دیشی شہری شامل ہیں۔

زخمیوں میں تین خواتین بھی شامل ہیں جن میں سے دو سعودی اور ایک مصری ہیں۔ حوثیوں کے حملے میں دو بھارتی بچے بھی زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ڈاکٹر انہیں طبی امداد فراہم کررہے ہیں۔


متعلقہ خبریں