مریم نواز کو چچا سے استعفیٰ مانگنا چاہیے، فردوس عاشق اعوان


اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں کہا ہے کہ مسلم لیگ ن دو بیانیوں میں دھنس کر رہ گئی، راج کماری (مریم نواز) کو اپنے چچا سے استعفیٰ مانگنا چاہیے۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے قبل قطر کا ایک خاندان کے ساتھ تعلق سمجھا جاتا تھا، جہاں اس ملک کا نام آتا تھا تو خط ذہن میں آجاتا تھا۔

’پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے امیر قطر کو تشریف لانے پر خوش آمدید کہتی ہوں۔‘

انہوں نے کہا کہ امیر قطر کا پاکستان آنا عمران خان کی عوام دوست ملک دوست پالیسی کا اظہار ہے، وہ پاکستان کے لیے سرمایہ کاری کے منصوبے لے کر آئے ہیں اور عمران خان کو مسلم اُمّہ کا رہنما مانتے ہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج پاکستان کی عوام کو بتا دیا ہے کہ ان کے واویلے کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں، عمران خان کو دل کا درد نہیں اقتدار کا درد ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس شخص نے کبھی حکومتی عہدہ نہیں رکھا اس نے حکومت میں آنے دے قبل سپریم کورٹ میں کھڑے ہوکر اپنے ثبوت دئیے۔

مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ آپ کو قومی سیکورٹی کے اداروں سے کیا گلہ ہے، میں اگر آپکے کرتوت میڈیا پر لے آؤں تو آپ کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گا۔

’بار بار کہہ رہے ہیں کہ دلیل سے تنقید کریں وزیراعظم کی ذات کو نشانہ نا بنائیں، آپ کے ظرف کو قوم نے آج جانج لیا۔‘

فردوس عاشق اعوان نے مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ آپ کی نیوز کانفرنس سننے کے بعد اس نتیجے پر پہنچی ہوں کہ آپ نفسیاتی مرض کا شکار ہیں اور اپنے مفادات کی دنیا کی قیدی ہیں، آپ کی گفتگو سے عمران خان سے بغض اور حسد ظاہر ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کی جانب سے میثاق معشیت کو مزاق معیشت کہنے پر آپ نے اپنا مزاق اڑایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کمیشن ضرور بنے گا اور چھ ماہ میں اپنا کام کرے گا، اس قوم کیساتھ جو وارداتیں ڈالیں وہ بھی عوام کو بتانا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران ایک موقع پر فردوس عاشق اعوان امیر قطر کو امیر کویت کہہ بیٹھیں جس پر صحافیوں نے ان کی تصیح کی۔


متعلقہ خبریں