خاتون کالم نگار نے صدر ٹرمپ پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کردیا

خاتون کالم نگار نے صدر ٹرمپ پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کردیا

واشنگٹن: امریکہ کی خاتون کالم نگار ’ای جین کیرل‘ نے الزام عائد کیا ہے کہ موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان پر 1990 میں ان پرجنسی حملہ کیا تھا۔ نیویارک سے تعلق رکھنے والی کالم نگار جین کیرل نے یہ الزام منظر عام پر آنے والی اپنی نئی کتاب میں عائد کیا ہے۔

’? What Do We Need Men For‘ کے عنوان سے شائع ہونے والی کتاب میں ای جین کیرل نے لکھا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے 1990 کی دہائی میں مین ہیٹن کے علاقے میں واقع لگژری ڈپارٹمنٹ اسٹور میں ان پر حملہ کیا تھا۔

مؤقر امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کے مطابق 23 سال قبل کے الزام کے حوالے سے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ انہوں نے الزام لگانے والی خاتون کو پوری زندگی میں کبھی دیکھا ہی نہیں ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق کتاب میں کیا جانے والا دعویٰ جھوٹا اور بے بنیاد ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عائد کردہ الزام کا کوئی ثبوت بھی نہیں ہے۔

سی این این کے مطابق امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ان پرالزام شائع کردہ کتاب کی فروخت بڑھانے کے لیے عائد کیا گیا ہے۔

حیران کن طور پر کالم نگار کی کتاب کے جو حصے منظر عام پر ابھی تک آئے ہیں اس میں جین کیرل نے ازخود اعتراف کیا ہے کہ ٹرمپ ان کی زندگی میں آنے والے واحد شخص نہیں تھے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر اس سے قبل بھی ایک درجن سے زائد خواتین نے ان پر مختلف قسم کے الزامات عائد کیے تھے۔

ماضی میں امریکی صدر نے ان پر عائد کردہ الزامات کو بے بنیاد قرار دیا تھا لیکن ساتھ انہوں نے اعتراف کیا تھا کہ وہ خواتین میں بے حد مقبول تھے جس کی وجہ سے وہ آسانی سے ان پہ گرفت کرلیتے تھے۔

امریکی صدر پر جنسی طور پہ ہراساں کیے جانے کا الزام اس وقت لگایا گیا ہے جب ایک جانب ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ کی صدارتی مہم میں شرکت کا اعلان کرچکے ہیں تو دوسری جانب ایران کے ساتھ امریکی کشیدگی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے قبل امریکی صدر بل کلنٹن پر بھی مونیکا لیونسکی نے جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔


متعلقہ خبریں